واہگہ بارڈر پر حسن علی کی ”پریڈ“ نے بھارتی فوج کو بھی مرچیں لگا دیں

اتوار 22 اپریل 2018 14:50

واہگہ بارڈر پر حسن علی کی ”پریڈ“ نے بھارتی فوج کو بھی مرچیں لگا دیں
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22اپریل 2018ء) واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب کے موقع پر ہونے والی پریڈ کے دوران فاسٹ باﺅلرحسن علی نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز اور عوام کی جانب رخ کر کے جشن منانےکا مخصوص انداز اپنایا تو بھارتی فوج کو بھی ”مرچیں“ لگ ہی گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین بارڈر فورس نے حسن علی کی جانب سے پریڈ میں مداخلت کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی رینجرز کیساتھ احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ پروٹوکول کے مطابق تقریب میں انڈین بارڈر سکیورٹی فورس اور پاکستان رینجرز کے جوان ہی شریک ہوتے ہیں۔

بارڈر سکیورٹی فورسز (پنجاب فرنٹیئر) کے انسپکٹر جنرل موکول گوئل نے بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسن علی کی جانب سے مداخلت نے پریڈ کی ’حرمت‘ کو نقصان پہنچا ،ہم پاکستان رینجرز کو احتجاج ریکارڈ کرائیں گے،بارڈر کے دونوں جانب تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ پر رہ کر کوئی بھی جارحانہ انداز اپنا سکتا ہے لیکن کوئی عام شخص پریڈ میں مداخلت نہیں کر سکتا، پریڈ سے پہلے یا پریڈ کے مطابق لوگوں کو اس طرح کے کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے، لیکن پریڈ کے درمیان وہ ایساکوئی کام ہرگز نہیں کرسکتے ۔

(جاری ہے)

بارڈر سکیورٹی فورس کے ترجمان اور ڈی آئی جی آر ایس کٹاریہ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں اس وقت چھٹیوں پر ہوں لیکن اس معاملے کی تحقیقات کی ہیں، بارڈر سکیورٹی فورسز کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پریڈ دیکھنے کیلئے واہگہ بارڈر آئی تھی جہاں پریڈ کے دوران ایک پاکستانی کرکٹر نے اشتعال انگیز اشارے شروع کر دئیے، یہ سب پاکستانی سائیڈ پر ہوا جبکہ بعد میں پاکستانی حکام نے اس کھلاڑی کو بٹھا دیا۔

چونکہ یہ دو ملکوں کی فوج کے درمیان ہونےوالی پریڈ ہے، اسلئے بی ایس ایف پاکستان رینجرز کو احتجاج ریکارڈ کرائےگی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز واہگہ بارڈر پر ہونےوالی پریڈ دیکھنے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب ہونےوالا سکواڈ بھی موجود تھا۔ پریڈ کے دوران حسن علی اٹھ کر واہگہ بارڈر گیٹ کے قریب گئے اور بھارتیوں کی جانب رخ کر کے اسی انداز میں ’جنریٹر‘ سٹارٹ کرنے کا جشن منایا جیسے وہ میدان میں وکٹ لینے کے بعد مناتے ہیں اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وقت اشاعت : 22/04/2018 - 14:50:32