قومی ٹیم محمد عامر کے بغیر دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے روانہ ہوگئی

پیر 23 اپریل 2018 11:32

قومی ٹیم محمد عامر کے بغیر دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے روانہ ہوگئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23اپریل 2018ء)پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار کی شب فاسٹ بولر محمد عامر کے بغیر انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے پر روانہ ہوگئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں اظہر علی، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، بابر اعظم، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق، اسامہ صلاح الدین، شاداب خان، حسن علی، راحت علی اور فہیم اشرف شامل ہیں،فاسٹ باﺅلر محمد عباس پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر کو تاحال انگلینڈ کا ویزا نہیں مل سکا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ محمد عامر بدھ تک لندن روانہ ہوکر ٹیم کو جوائن کریں گے۔ذرائع کے مطابق عامر کی اہلیہ بر طانوی نژاد ہیں اور محمد عامر نے بھی برطانیہ کی شہریت کی درخواست بھی دے رکھی ہے، اس لیے برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کردیئے لیکن عامر کو ویزہ جاری نہ ہوسکا۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے مطابق عامر کو اگلے دو دن میں ویزہ مل جائے گا جس کے بعد وہ سفر کرسکیں گے۔

قومی ٹیم کے ساتھ پہلی بار نئے غیر ملکی فزیو کلف ڈکسن بھی بر طانیہ گئے ہیں۔ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں آئرلینڈ کےخلاف11مئی سے واحد ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔آئرلینڈ کے بعد پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی، جو 24 مئی اور یکم جون کو کھیلے جائیں گے۔ دورے کے آخر میں پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے مابین 12 اور 13 جون کو 2 ٹی ٹونٹی میچز بھی ہوں گے۔
وقت اشاعت : 23/04/2018 - 11:32:18