سائوتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ستائش ہے، جنید عالم

منگل 24 اپریل 2018 12:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل جنید عالم، سیکرٹری منصور احمد خان، (پی جے ایف) کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران نے سائوتھ ایشیئن سینئر جوڈو چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے، ایونٹ میں شاہ حسین شاہ اور قیصر خان کو دوسرے ملک تربیت کے لئے بھیجنا کارآمد ثابت ہوا ہے اور دونوں کھلاڑیوں نے ایونٹ کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے لئے طلائی کے تمغے حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔

گزشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ کو دو ماہ کے لئے جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کے لئے ہنگری بھجوایا تھا جبکہ قیصر خان کو ایک ہفتے کے لئے ازبکستان تربیت کے لئے بھجوایا تھا۔

دونوں کھلاڑیوں نے انفرادی مقابلوں میں طلائی کے تمغے حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیصر خان کو جونیئر اولمپکس جبکہ شاہ حسین شاہ کو اولمپکس گیمز 2020ء کے لئے میدان میں اتاریں گے۔ امید رکھتے ہیں کہ دونوں کھلاڑی اولمپکس میں بھی اسی طرح کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل جنید عالم، سیکرٹری منصور احمد خان، (پی جے ایف) کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی پر قومی جوڈو ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔
وقت اشاعت : 24/04/2018 - 12:31:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :