کپتانی سے چھٹی، سرفراز احمد کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی

بدھ 25 اپریل 2018 12:09

کپتانی سے چھٹی، سرفراز احمد کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی
لاہورر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25اپریل 2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ سرفراز احمد کے بطور ٹیسٹ کپتان مستقبل کا فیصلہ کرسکتا ہے ۔5 ٹیسٹ اور 22 ون ڈے میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینے والے سابق ٹیسٹ اوپنر رمیز راجا کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ بطور کپتان اور کھلاڑی سرفراز احمد کےلئے انتہائی مشکل ہو گا کیوں کہ جب آپ پانچ ایسے بلے بازوں کے ساتھ پہلی بار انگلینڈ جائیں جو پہلے کبھی وہاں نہیں گئے تو یہ بہت خطرناک بات ہوتی ہے ، انگلش کنڈیشز میں پاکستان کی باﺅلنگ کا بھی توقعات پر پورا اترنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ بطور کپتان سرفراز کو سلیکشن کے معاملے میں مستقل مزاجی دکھا نا ہوگی اور انگلینڈ کی کنڈیشنز کے حساب سے کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہوئے ایسے پلیئرز پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو طویل عرصے تک پاکستان کیلئے کھیل سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بطور کپتان وکٹ کیپر کو اپنا دماغ بدلنا ہوگا،وہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں تو کامیابی سمیٹ رہے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی انہیں خود کو ثابت کرنے کیلئے بہت کام کرنا ہے ،کبھی ٹیم اچھا نہ کرے تو سرفراز کو دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں، یہی وہ موقع ہوگا جب انہیں اپنی پرفارمنس اٹھا ہوگی کیوں کہ کپتان کی عزت ہو گی ،تو ٹیم تب ہی کھڑی ہو سکے گی۔

رمیز راجا کا مزید کہنا تھا کہ دورئہ انگلینڈ کسی طور پر آسان نہیں ہوگا تاہم اگر سرفراز کی قیادت میں ٹیم عمدہ کارکردگی کے مظاہرے میں کامیاب رہی تو پھر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان کی 16 ارکان پر مشتمل کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں ایک اور انگلینڈ میں دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کھیلنے لندن پہنچ چکی ہے۔
وقت اشاعت : 25/04/2018 - 12:09:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :