پاکستان سکواش فیڈریشن کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری کیلئے تین پی ایس اے ایونٹس کا انعقاد کرے گی

بدھ 25 اپریل 2018 13:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن قومی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں مزید بہتری لانے کیلئے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں تین پی ایس اے 10 ہزار ڈالر ایونٹس کا انعقاد کرے گی۔ ان ایونٹس کے ساتھ ساتھ 5، 5 ہزار ڈالر خواتین کے ایونٹس بھی منعقد ہوں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان سکواش سرکٹ ون پی ایس اے 10 ہزار ڈالر کا ٹورنامنٹ 8 سے 13 مئی تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔

اس کے ساتھ 5 ہزار ڈالر خواتین کا ایونٹ بھی اس دوران کھیلا جائے گا۔ دوسرا پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) کا 10 ہزار ڈالر مردوں جبکہ 5 ہزار ویمنز کا ایونٹ 25 سے 30 جون تک لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ اگست میں (پی ایس ای) کا 10 ہزار ڈالر مردوں جبکہ 5 ہزار ویمنز کا تیسرا ایونٹ کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان تینوں ایونٹس کی میزبانی پی ایس اے نے پاکستان کو دی ہے۔ گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے بتایا کہ اس ایونٹ میں پاکستان کے مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری لانا ہے۔ اس ایونٹس کی انعامی رقم 10 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ خواتین ایونٹس کیلئے انعامی رقم 5 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 25/04/2018 - 13:04:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :