بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے خاتمے کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کی تجویز پیش کر دی

دونوں ملکوں کے مابین حالات کو معمول پرلانے کیلئے عوامی سطح پر رابطے ضروری ہیں، پاک انڈیا پنجاب گیم کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونا چاہیے، دونوں ملکوں کے کھلاڑی اورعوام ملیں گے توحالات بہترہوں گے بھارتی پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھکا پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب

بدھ 25 اپریل 2018 20:06

بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے خاتمے کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کی تجویز پیش کر دی
نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے پاکستان اوربھارت کے مابین کشیدہ تعلقات کومعمول پر لانے کیلئے ایک بار پھر کھیلوں کے مقابلے کی تجویز پیش کی ہے جبکہ دونوں ملکوں کی جیلوں میں قید سزائیں مکمل کرنیوالے قیدیوں کی جلدرہائی پربھی بات چیت کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی اور بھارتی پنجاب کے مابین کھیلوں کے مقابلوں کی تجویز بھارتی پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھ کی طرف سے سامنے آئی ہے، انہوں نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کی تقریب کے موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین حالات کو معمول پرلانے کے لئے عوامی سطح پر رابطے ضروری ہیں، پاک انڈیا پنجاب گیم کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونا چاہیے، دونوں پنجابوں کے درمیان کھیلوں کا آغاز 2004 میں پٹیالہ میں ہوا تھا، ان کھیلوں میں ہاکی، کبڈی، کشتی، سائیکلنگ، دوڑ، جمناسٹک، ہینڈبال، بیڈمنٹن اور نشانہ بازی کے مقابلے شامل تھے۔

(جاری ہے)

امریندر سنگھ نے کہا کہ جب دونوں ملکوں کے کھلاڑی اورعوام ملیں گے توحالات بہترہوں گے، پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمودسے ہریانہ کے وزیراعلی منوہرلال کھٹورنے بھی رابطہ کیا۔پاکستانی ہائی کمشنرنے کہا کہ دونوں ملکوں کی جیلوں میں قید ایسے قیدیوں کی فوری رہائی پربھی زوردیا جو سزائیں مکمل کرچکے ہیں جبکہ پاکستان اوربھارت کے مابین تجارت کے فروغ پربھی بات چیت کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 25/04/2018 - 20:06:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :