لینگر 4سال کیلئے آسٹریلیا کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ناکامی سے بچنے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت بال ٹیمپرنگ کرنے کا اعتراف کرلیا تھا

جمعہ 4 مئی 2018 13:14

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) آسٹریلیا نے ٹیم کی باگ ڈور سابق عظیم اوپنر جسٹن لینگر کو سونپتے ہوئے انہیں ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔خیال رہے کہ 24 مارچ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز کے تیسرے میچ میں ناکامی سے بچنے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت بال ٹیمپرنگ کرنے کا اعتراف کرلیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم نے سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ممکنہ شکست کے پیش نظر گیند کو خراب کرنے کیلئے بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو چنا جنھوں نے تیسرے روز پیلے رنگ کی چیز سے منصوبے پر عمل درآمد کیا تاہم انھیں اسٹیڈیم میں نصب کیمروں کی مدد سے پکڑ لیا گیا۔کرکٹ آسٹریلیا نے اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو بال ٹیمپرنگ معاملے کے بعد بالترتیب کپتانی اور نائب کپتانی سے ہٹا دیا تھا جبکہ بین کرافٹ پر بھی چھ ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اسمتھ اور وارنر کو قیادت کی ذمے داریوں سے سبکدوش کرنے کے ساتھ ساتھ 12ماہ کی پابندی بھی عائد کردی گئی تھی۔بال ٹیمپرنگ اسکینڈل اور کپتان و نائب کپتان پر پابندی کے بعد ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن کے ضبط کا پیمانہ بھی لبریز ہو گیا اور انہوں نے بھی جنوبی افریقہ سے سیریز کے اختتام پر کوچنگ سے استعفیٰ دیدیا۔جسٹن لینگر تینوں فارمیٹس میں ٹیم کی کوچنگ کریں گے اور وہ بحیثیت کوچ اپنے 4سالہ دور 22مئی سے کریں گے جہاں انہیں اس دوران دو ایشز سیریز، ورلڈ کپ 2019 اور ورلڈ ٹی20 کا چیلنج درپیش ہو گا۔

لینگر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں چند اہم چیلنجز درپیش ہوں گے تاہم ہمارے پاس چند بہترین باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور میں کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔بعدازاں جیمز سدرلینڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹن لینگر نے بال ٹیمپرنگ میں ملوث کھلاڑیوں کیلئے ٹیم کے دروازے کھولنے کا عندیہ دیا۔سابق عظیم اوپنر نے کہا کہ انہوں نے غلطی کی، ہم سب غلطی کرتے ہیں اور وقت کے ساتھ بہتر ہو جاتے ہیں ،ْاگر وہ آسٹریلین کرٹ کے کعیار پر پورا اترتے ہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
وقت اشاعت : 04/05/2018 - 13:14:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :