پی ایس بی الیون نے نمائشی کرکٹ میچ میں رسجا الیون کو 6رنز سے شکست دیدی

منصور احمد مین آف دی میچ قرار، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ نے انعامات تقسیم کئے

جمعہ 4 مئی 2018 15:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) پاکستان سپورٹس بورڈ اور راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسو سی ایشن کے درمیان کھیلے جانیوالے نمائشی کرکٹ میچ میں پی ایس بی الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد رسجا الیون کو6رنز سے شکست دیدی ، میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر منصور احمد خان مین آف دی میچ قرار پائے ۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں سٹی لیب اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے کھیلے گئے نمائشی کرکٹ میچ کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد تھے جبکہ نمائشی میچ میں ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی ، سٹی لیب ایم ڈی کے زبیر ناصر ،پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سید منصور احمد خان ، آغا امجد اللہ ، ڈائریکٹر میڈیا اعظم ڈار سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

نمائشی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پی ایس بی الیون نے مقررہ 12اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 138رنز بنائے ، پی ایس بی الیون کی جانب سے منصور احمد خان نے 5چھکوں کی مدد سے 45اور ذیشان نقوی نے 26رنز بنائے ، رسجا الیون کی جانب سے شاہ خالد نے دوجبکہ شاکر عباسی ، شکیل اعوان اور یاسر نذر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔ 138رنز کے جواب میں رسجا الیون کو میچ کے آخری اوور میں کامیابی کیلئے 18رنز درکار تھے تاہم رسجا الیون آخری اوور میں صرف11رنز بنا سکی اوور ٹیم مقررہ اوورز میں 7وکٹوں پر 132رنز بنا سکی ، رسجا الیون کی جانب سے افضل جاوید 27، شاکر عباسی 21، شاہ خالد 18،عباس شبیر 15اور احسن عباس 14رنز بنا سکے ، میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر ڈپٹی ڈی جی سپورٹس بورڈ منصور احمد خان مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد کا کہنا تھا صحت مندانہ معاشرے کو پروان چڑھانے کیلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ، پاکستان سپورٹس بورڈ مستقبل میں بھی رسجا کیساتھ ملکر کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کرواتا رہے گا ۔ اس موقع پر رسجا کے صدر افضل جاوید، پیٹرن شکیل اعوان اور چیئرمین عبد المحی شاہ نے سپورٹس جرنلسٹوں کیلئے بھر پور سہولیات کی فراہمی پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں رسجا کے ایونٹس کی پاکستان سپورٹس بورڈ بھر پور سپورٹ جاری رکھے گا ۔
وقت اشاعت : 04/05/2018 - 15:39:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :