فواد عالم کو دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کا حصہ کیوں ہونا چاہئے تھا؟ راشد لطیف نے بتا دیا

جمعہ 4 مئی 2018 15:21

فواد عالم کو دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کا حصہ کیوں ہونا چاہئے تھا؟ راشد لطیف نے بتا دیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 مئی 2018ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے کہا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل قومی سکواڈ بنا کر بڑی غلطی کی۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کےخلاف یہ اہم میچز ہیں جس کے لئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تجربہ کار کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا ۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو طویل فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے سکواڈ کا حصہ بنانا چاہئے تھا کیونکہ وہ تجربہ کار ہونے کے ساتھ فارم میں بھی ہیں، ان کے نہ ہونے سے ٹیسٹ ٹیم کو بہت نقصان اٹھانا پڑے گا ۔ انہوں نے سرفراز الیون کو خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ اور خصوصاً انگلینڈ کے خلاف سیریزپاکستان کے لیے آسان ثابت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

 سابق کپتان راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا سپن شعبہ کمزور ہے اور یاسر شاہ کے زخمی ہونے کے بعد اس دورے کے لیے ان کے پاس کوئی میچ ونر باﺅلر نہیں ہے، لیگ سپنرشاداب خان ابھی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ناتجربہ کار ہے تاہم امید ہے کہ وہ ہمیں مایوس نہیں کریں گے ۔ راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ بہت کمزور دکھائی دیتی ہے اور خصوصا ًمڈل آرڈر میں ایسا کوئی بیٹسمین نہیں جو مصباح الحق اور یونس خان کی کمی کو پورا کر سکے ،یہ ٹیسٹ سیریز سرفرازالیون کا امتحان ہوگی۔ 
وقت اشاعت : 04/05/2018 - 15:21:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :