شاہد آفریدی نے اپنی غیر ملکی ٹیم بنا لی

مایہ ناز آل راونڈر نے کینیڈا میں اپنا کرکٹ کلب قائم کر لیا، آفریدی کرکٹ کلب کے نام سے ٹیم ٹورنٹو 19مئی سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی، کینیڈا کی نیشنل کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رضوان چیمہ کو کپتان مقرر کیا گیاہے

منگل 8 مئی 2018 23:51

شاہد آفریدی نے اپنی غیر ملکی ٹیم بنا لی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا تعلق اگرچہ خیبرایجنسی سے ہے اور رہتے کراچی میں ہیں مگر انہوں نے اپنے نام کا کرکٹ کلب کینیڈا میںقائم کردیا ہے اور آفریدی کرکٹ کلب کے نام سے ٹیم ٹورنٹو اینڈ ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن 19مئی سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔شاہد آفریدی نے مقامی سیاستدانوں جوہن ٹورے اور کیتھلین وائن کے ساتھ ملاقات کے بعد کینیڈا کرکٹ میں اپنا کردار اداکرنے کا فیصلہ کیاہے ۔

(جاری ہے)

کینیڈا کی نیشنل کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رضوان چیمہ کو شاہد آفریدی کرکٹ کلب کا کپتان مقرر کیا گیاہے جبکہ امین حق کو کلب کا جنرل منیجر مقرر کیا گیاہے۔شاہد آفریدی کا کہناہے کہ گزشتہ ہفتے کینیڈین سیاست دان میئر جوہن ٹورے سے ملاقات میں ہم نے کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاتھا اورمیں نے کچھ کرنے کا وعدہ کیاتھا۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مختلف لیگز بھی کھیل رہے ہیں جن میں سب سے زیادہ وہ پی ایس ایل میں سرگرم دکھائی دیتے ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی فائونڈیشن کیلئے دنیا بھر سے فنڈز جمع کرنے کیلئے پورا سال مصروف ِ عمل رہتے ہیں۔
وقت اشاعت : 08/05/2018 - 23:51:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :