ڈبلن ٹیسٹ: آئرش باﺅلرز نے اپنی ٹیم کا پلڑہ بھاری کردیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 12 مئی 2018 20:03

ڈبلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12مئی 2018ء) آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میں چائے کے وقفے پر پاکستان نے 6وکٹوں کے نقصان پر 193رنز بنا لیے ہیں ۔پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا لیکن 13 کے مجموعی سکور پر اظہر علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق بھی ون ڈے ڈیبیو کی طرح بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور 13 ہی کے مجموعی سکور پر 7 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

دونوں ابتدائی بلے بازوں کے جلد آو¿ٹ ہونے کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق نے محتاط انداز سے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا لیکن کھانے کے وقفے کے بعد جلد ہی حارث سہیل 31 کے انفرادی سکور پر ہمت ہار گئے۔بابر اعظم بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ اسد شفیق اپنی 19 ویں ٹیسٹ نصف سنچری بنانے کے بعد 62 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر آئرلینڈ کے کپتان پورٹر فیلڈ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آج بہت بڑا دن ہے۔دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تایخی ٹیسٹ کا حصہ بننا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم پانچ باﺅلرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ امام الحق اور فہیم اشرف کے لیے بھی اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، جنہیں پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ گذشتہ روز آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 مئی سے 14 مئی تک ڈبلن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے میچ کے متاثر ہونے اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو بھاری خسارے کا خدشہ ہے۔
وقت اشاعت : 12/05/2018 - 20:03:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :