ڈبلن ٹیسٹ:آئر لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے ہدف دے دیا

منگل 15 مئی 2018 15:39

ڈبلن ٹیسٹ:آئر لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے ہدف دے دیا
ڈبلن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مئی 2018 ء) پاکستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میںآئر لینڈ کی پوری ٹیم 339رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 160رنز کا ہدف ملا ہے ۔ ٹیسٹ کے آخری روز کھیل شروع ہوا تو آئر لینڈ کے سنچری میکر کیون اوبرائن 118رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آﺅ ٹ ہوگئے جنہوں نے 6رنز بنانے والے بوائیڈ رینکن کو بھی بولڈ کرنے کے بعد آخری وکٹ لے کر اننگز میں اپنے 5شکار مکمل کیے ۔

اس سے قبل کھیل کے چوتھے دن کے اختتام تک آئرلینڈ نے 7وکٹو ں پر319رنز بنا لیے تھے اور اسے پاکستان کیخلاف 139رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے ، پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 310 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 130 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی تھی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز سے کھیل کے چوتھے روز کا آغاز کیا تو ایڈ جوائس 39 اور پورٹ فیلڈ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔آئرش ٹیم مجموعی سکور میں 5 رنز کا اضافہ ہی کرسکی تھی کہ 69 کے مجموعے پر ایڈ جوائس رن آﺅٹ ہوگئے اور وہ 43 رنز بناسکے جب کہ نئے آنے والے بلے باز اینڈی بالبرنی بغیر کوئی رنز بنائے آﺅٹ ہوئے۔وکٹ کیپر بلے باز نیل اوبرائن بھی 18 رنز بناسکے جو 94 کے مجموعی سکور پر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہونے کے بعد پویلین لوٹے۔

پاکستان بولنگ کے خلاف مزاحمت کرنے والے آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ بھی 32 رنز بنا کر ہمت ہار گئے جنہیں محمد عامر نے میدان بدر کیا۔پال سٹر لنگ 11رنز بناکر محمد عباس کا نشانہ بنے جبکہ گیری ولسن کو 12کے انفرادی سکور پر محمد عامر نے چلتا کیا ۔اس موقع پر کیون اوبرائن نے سٹورٹ تھامسن کے ساتھ مل کر 7ویں کی شراکت میں 114رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد شاداب خان نے تھامسن کو53رنز پر پوویلین چلتا کیا ۔

کیون اوبرائن آئر لینڈ کیلئے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے اور اب بھی 118رنز کے ساتھ کریز پر موجو د ہیں ۔ یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 130 رنز بناسکی۔ پاکستان نے 16 برس بعد کسی ٹیم کو فالو آن کرنے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی، آخری مرتبہ قومی ٹیم نے 2002 ءمیں لاہور ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو فالو آن کرایا تھا۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔شاداب خان نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور 3وکٹیں لے اڑے جب کہ محمد عامر کے حصے میں دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کا پہلا روز 11 مئی کو بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا تاہم ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اس موقع پر آئرلینڈ کے کپتان پورٹر فیلڈ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آج بہت بڑا دن ہے جب کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تایخی ٹیسٹ کا حصہ بننا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ امام الحق اور فہیم اشرف کے لیے بھی اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، جنہیں پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ 
وقت اشاعت : 15/05/2018 - 15:39:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :