پیرو فٹ بال ٹیم کے کپتان پولو گیوریرو ڈرگ پابندی میں اضافے کے باعث ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ نہیں کھیل سکیں گے

بدھ 16 مئی 2018 14:28

لیما ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) پیرو فٹ بال ٹیم کے کپتان اور ریکارڈ گول سکورر پولو گیوریرو ڈرگ پابندی میں اضافے کے باعث آئندہ ماہ شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال اکتوبر میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر گیوریرو پر ابتدائی طور پر 12 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم فیفا اپیل کمیٹی نے ان کی معطلی کی سزا آدھی کر دی تھی جس پر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل کی تھی، کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ان کی سزا بڑھا کر 14 ماہ کر دی، عدالت کا کہنا ہے کہ گیوریرو نے واڈا کے قوانین کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے ان کی سزا 6 ماہ سے بڑھا کر 14 ماہ کی گئی ہے۔

گیوریرو نے ملک کی طرف سے 86 میچز میں 32 گولز کر رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ پیرو نے نومبر میں نیوزی لینڈ کو پلے آف میں شکست دے کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا اور یہ اس کی 1982ء کے بعد میگا ٹورنامنٹ میں پہلی شرکت ہو گی۔
وقت اشاعت : 16/05/2018 - 14:28:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :