آئی سی سی پر دوہرا میعار اپنانے کا الزام لگانا محمد حفیظ کو مہنگا پڑ گیا

جمعہ 18 مئی 2018 11:34

آئی سی سی پر دوہرا میعار اپنانے کا الزام لگانا محمد حفیظ کو مہنگا پڑ گیا
لاہور (ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی 2018 ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو شو کاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔37سالہ قومی آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس پر پی سی بی نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں ،اس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔محمد حفیظ کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ جب بائیو مکینک ٹیسٹ کے لیے گئے تو پتہ چلا کہ ان کی باﺅلنگ 17،16 اور 18 ڈگری پر ہے۔ آل راﺅنڈر نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی باﺅلنگ 15 ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کا 16 ڈگری پر باﺅلنگ کرنا تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے باﺅلرز بھی ہیں جو 30،25 اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر باﺅلنگ کر رہے ہیں لیکن آج تک وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے کرکٹ بورڈز کی طاقت بہت زیادہ ہے جس کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا اور بہت سی جگہوں پر ایسے تعلقات ہیں جنہیں کوئی خراب کرنا نہیں چاہتا۔یاد رہے کہ 37 سالہ پاکستانی آل راﺅنڈر محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن اب تک تین مرتبہ رپورٹ ہوچکا ہے اور ایک مرتبہ انہیں ایک سا ل کے لیے انٹر نیشنل کرکٹ میں باﺅلنگ سے روکا بھی گیا تھا، حال ہی میں آئی سی سی نے انہیں ایک مرتبہ پھر انٹر نیشنل کرکٹ میں باﺅلنگ کی اجازت دی ہے۔
وقت اشاعت : 18/05/2018 - 11:34:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :