انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے لیے بری خبر آگئی

انتہائی اہم فاسٹ باﺅلر انجری کا شکار

منگل 22 مئی 2018 11:24

انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے لیے بری خبر آگئی
لندن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی 2018 ء) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حسن علی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل انجری کا شکار ہوگئے ہیں ۔24سالہ حسن علی لیسٹر شائر کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے باعث ان کے ہاتھ میں 3 ٹانکے آئے ہیں ۔24 سالہ حسن علی نے اس سے قبل دو ٹیسٹ میں 6 وکٹ حاصل کیے تھے۔قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ کے مطابق فاسٹ باﺅلر آج ٹریننگ سیشن میں شرکت نہیں کریں گے ،انجری کے شکار فاسٹ باﺅلر حسن علی 24 مئی سے شروع ہونے والے لارڈز ٹیسٹ سے فی الحال باہر نہیں ہوئے اور ان کی انجری کی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے جب کہ محمد عامر کی بھی فٹنس میں کافی بہتری آئی ہے اور وہ پریکٹس سیشن کا حصہ ہوں گے۔

لارڈز ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے ممکنہ 11 کھلاڑی سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی ہوں گے ،راڈ ٹکر اور پال رائفل امپائر اور جیف کرو میچ ریفری ہوں گے جب کہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہوگا،کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، اظہر علی، محمد عامر اور حسن علی دو سال قبل لارڈز کے گراﺅنڈ میں ایکشن میں نظر آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ ٹیم لیسٹر سے لندن پہنچ چکی ہے۔ قومی کپتان سرفراز احمد نے اگست 2016 ءمیں لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹر نیشنل میں 105 رنز بنائے تھے۔ سرفراز احمد کی سنچری کے باوجود پاکستان کو میچ میں چار وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔سرفراز احمد کہتے ہیں کہ لارڈز میں ہونے والے انٹر نیشنل میچ میں سنچری بنانے کے باوجود تشنگی باقی ہے۔ لارڈز میں ون ڈے میں سنچری بنانے والے کانام لیڈر بورڈ پر تحریر نہیں ہوتا ہے، میری خواہش ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں سنچری بناو¿ں اور پاکستان میری قیادت میں ٹیسٹ جیتے۔

سرفراز احمد نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہر کرکٹر کی طرح میری خواہش بھی یہی ہے کہ لارڈز میں ٹیسٹ کھیلوں یہ خواہش دوسال پہلے پوری ہوئی اور اسی سیریز کے دوران میں نے ون ڈے میں سنچری بنائی۔سرفراز نے بتایا کہ فل ہاو¿س کے سامنے وہ لمحہ ناقابل یقین تھا جب میں نے سنچری بنائی اور پورا لارڈز تالیوں سے گونج رہا تھا۔ اب لارڈز ٹیسٹ میں بھی سنچری بنانے کی خواہش ہے تاکہ لیڈر بورڈ پر ان عظیم بیٹسمینوں کے ساتھ میرا نام بھی تحریر ہو۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان نے لارڈز میں اپنی بالادستی قائم کرتے ہوئے چار ٹیسٹ جیتے ہیں، مجھے ان خوش نصیب کھلاڑیوں میں جگہ ملی تھی جس نے دو سال قبل کرکٹ کے گھر لارڈز میں انگلینڈ کو ٹیسٹ میں شکست دی تھی۔ اب میری دلی خواہش ہے کہ پاکستان ٹیسٹ جیتے اور میں اس میچ میں سنچری بناﺅں۔پاکستان نے لندن کے اس گراﺅنڈ پر15میں سے 4 ٹیسٹ جیتے ہیں۔

فاسٹ باﺅلر راحت علی نے ڈبلن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 7 اوورز میں18رنز دیئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں راحت نے23 اوورز میں75رنز دیئے تھے، وہ دونوں اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے لہٰذا ان کی جگہ حسن علی کو ملے گی۔دو سال قبل مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کو75رنز سے شکست دی تھی، اس میچ میں تباہ کن باﺅلنگ کرنے والے یاسر شاہ پاکستان ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

وقت اشاعت : 22/05/2018 - 11:24:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :