یونس خان نے نوجوان پاکستانی بلے باز کو اپنا جانشین قرار دےدیا

میرے جانے سے جو خلاءپیدا ہوا اسے وہ پر کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں،سابق کپتان

منگل 22 مئی 2018 16:22

یونس خان نے نوجوان پاکستانی بلے باز کو اپنا جانشین قرار دےدیا
کراچی(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی 2018 ء) سابق قومی ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان نے نوجوان اور باصلاحیت پاکستانی کھلاڑی بابراعظم کو اپنا جانشین قرار دے دیا۔ گزشتہ روز ایک گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں ان کے جانے کے بعد جو خلاءپیدا ہوا ہے بابراعظم اسے پر کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کامیاب ترین پاکستانی بلے باز یونس خان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم میں وہ صلاحیت نظر آتی ہے جو مستقبل میں انہیں سپر اسٹار بیٹسمین کا درجہ دلائے گی۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم جیسا اسٹائلش بیٹسمین ہی اگلا یونس خان بن سکتا ہے کیونکہ اس میں بے پناہ اہلیت بھی ہے جبکہ وہ اگر اپنی فٹنس کا خیال رکھیں اور اسی طرح کامیابی کے ساتھ کھیلتے رہیں تو پاکستان کیلئے مستقبل میں مزید اچھا پرفارم کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 23سالہ بابر اعظم اب تک 12ٹیسٹ میچز میں 24.91کی اوسط سے 548رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 5نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔

یونس خان نے انگلینڈ کیخلاف دو میچوں کی سیریز کو پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے انہتائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کچھ کھلاڑی خود کو ثابت کرتے ہیں تو یہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے خوش آئند بات ہو گی۔یونس خان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کیخلاف دو میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس دبا ﺅ کو برداشت کرلیں گے کیونکہ وہ ایسی کنڈیشنز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں اور اچھا کھیل رہے ہیں لہٰذا امید ہے کہ ان کی جانب سے مثبت پرفارمنس سامنے آئے گی۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کیخلاف انہیں اظہرعلی سے امید ہے کہ وہ اچھا کھیلیں گے جبکہ اسد شفیق بھی اپنی کارکردگی کو بہتر کر سکتے ہیں اور چونکہ سرفراز احمد ایک بہترین لیڈر ہیں لہٰذا تینوں مل کر ممکنہ دباﺅکا سامنا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
وقت اشاعت : 22/05/2018 - 16:22:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :