ہیری کین فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے انگلش ٹیم کے کپتان مقرر

ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی

منگل 22 مئی 2018 23:15

ہیری کین فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے انگلش ٹیم کے کپتان مقرر
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) سٹرائیکر ہیری کین آئندہ ماہ روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے انگلش ٹیم کے کپتان مقرر ہو گئے۔ انگلینڈ ٹیم کے مینجر گیرتھ سائوتھ گیٹ نے اس بات کا اعلان کیا۔ ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، انگلینڈ کو میگا ایونٹ میں تیونس، پاناما اور بیلجیئم کا چیلنج درپیش ہو گا اور وہ 18 جون کو تیونس کے خلاف ابتدائی میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

انگلش مینجر گیرتھ سائوتھ گیٹ نے نئے قائد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہیری کین بہترین فٹ بالر ہونے کے ساتھ بے پناہ خوبیوں کے مالک بھی ہیں، ان میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں، امید ہے کہ وہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

کین نے اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ ٹیم کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے، میں بہت خوش اور پرجوش ہوں، ٹیم مینجر اور انگلینڈ فٹ بال حکام نے مجھ پر اعتماد کیا جس پر ان کا مشکور ہوں اور اب میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا، بحیثیت کپتان یہ ٹورنامنٹ میرے لئے بہت اہم ہو گا اور میں بے صبری سے اس کا انتظار کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ کین کو اس سے قبل گزشتہ برس سکاٹ لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں بھی انگلش ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہ۔
وقت اشاعت : 22/05/2018 - 23:15:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :