کس بلے باز کا سٹائل کاپی کرنے کی کوشش کرتا ہوں ، بابر اعظم نے بتا دیا

ابھی تو کیریئر کی محض شروعات ہے ،بہت کچھ سیکھنا ہے:ٹیسٹ کرکٹر

جمعرات 24 مئی 2018 12:15

کس بلے باز کا سٹائل کاپی کرنے کی کوشش کرتا ہوں ، بابر اعظم نے بتا دیا
لندن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2018 ء) قومی بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ابراہام ڈی ویلیئرزکے انداز سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں کلب کرکٹ کے دوران وہ ابراہام ڈی ویلیئرز کی نقل کرنے کی کوشش کرتے تھے جس کی وجہ ان کا نیچرل اسٹروک پلے تھا اور وہ گراﺅنڈ میں کسی بھی سمت بہترین شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بابر اعظم کے مطابق ان کی ذاتی یادگار کارکردگی میں2016ءمیں ویسٹ انڈیز کیخلاف تین لگاتار سنچریاں اور پھر2017ءمیں آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ میں سنچری شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو ان کے کیریئر کی محض شروعات ہے کیونکہ انہیں ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے لہٰذا کوشش یہی ہوتی ہے کہ غلطیوں کو دہرانے سے گریز کیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے مایاناز بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے گزشتہ روز تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ اب وہ بین الاقوامی کرکٹ سے تھک چکے ہیں، اب وقت ہے کہ میری جگہ جنوبی افریقی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے، ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ ایک مشکل ترین فیصلہ تھا،میں نے اس حوالے سے طویل سوچا و بچار کی لیکن میرا خیال ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ریٹائر ہو جاﺅں۔

انہوں نے اس موقع پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں، فینز اور کرکٹ جنوبی افریقا کا بھی شکریہ ادا کیا۔تاہم انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ کلب کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے، اور ان کی نیک خواہشات فاف ڈیوپلیسی اور جنوبی افریقی ٹیم کےساتھ ہیں۔واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانے والے بلے باز بھی ہیں ۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے ۔
وقت اشاعت : 24/05/2018 - 12:15:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :