ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا سوچنے والے محمد عامر کو وسیم اکرم کا اہم مشورہ

دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے پہچانے جاتے ہیں: وسیم اکرم

جمعہ 25 مئی 2018 12:08

ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا سوچنے والے محمد عامر کو وسیم اکرم کا اہم مشورہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی 2018ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر اپنے کیریئر کو طول دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑکر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ تک محدود ہونا چاہتے ہیں۔عامر بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں ٹیم انتظامیہ سے اپنی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں لیکن ماضی کے عظیم فاسٹ باﺅلر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دنیا کے عظیم باﺅلرزٹیسٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں ،اگر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ کر صرف محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دی تو شاید وہ پیسہ تو کما لیں گے لیکن اپنا نام عظیم فاسٹ باﺅلرز کی فہرست میں لانے کیلئے انہیں ٹیسٹ کرکٹ ریکارڈ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 414 اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 502 وکٹیں حاصل کرنے والے 51 سالہ وسیم اکرم نے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ سٹار ہے لیکن آفریدی کی تمام کرکٹ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی تک محدود ہے،ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم باﺅلرز کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام کبھی شامل نہیں ہوسکتا۔

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ محمد عامر ابھی کم عمر ہے اوراس کا کیریئر مزید طویل ہوسکتا ہے، اس لیے انہیں ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے،مجھے خوشی ہوگی کہ جب عامر اپنا ٹیسٹ کیریئر ختم کریں تو ان کے نام کے سامنے ڈھائی تین سو وکٹ ہوں اور انہیں بھی عظیم ترین باﺅلرز کی فہرست میں شامل کیا جائے۔خیال رہے کہ 26 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر نے 31 ٹیسٹ میچز میں 100 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ ٹیسٹ میچوں سے زیادہ محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/05/2018 - 12:08:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :