قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بارے میں بری خبر آگئی

2 ماہ سے تنخواہ سے محروم ہونے کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 مئی 2018 13:20

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بارے میں بری خبر آگئی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مئی 2018 ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کے اپنے ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے ) کی جانب سے 2 ماہ سے تنخواہ سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان شفقت رسول بھی دو ماہ سے تنخواہ کے منتظر ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ادارے میں حاضری نہ لگانے پرپی آئی اے نے سرفراز احمدسمیت تمام کھلاڑیوں کی تنخواہ روک لی ہیں جس کے باعث کرکٹ اور پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے ساتھ ساتھ فٹ بال اورسکواش کے کھلاڑی بھی تنخواہ کو ترس گئے ہیں ۔

اس ضمن میں رابطہ کیے جانے پر پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ کسی کھلاڑی کی تنخواہ جان بوجھ کر نہیں روکی گئی ،آر پی سسٹم کے تحت تما م کھلاڑیوں کی حاضری لگتی ہے جس کے بعد ا ن کی تنخواہ آتی ہے،ممکن ہے آر پی سسٹم کی وجہ سے یہ مسائل پیدا ہوئے ہوں ،یہ انتظامی مسئلہ ہے جو ایک سے دو روز میں حل کرلیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کا مزید کہناتھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی حاضری سے مستثنیٰ ہیں،کھلاڑی یا ان کے شعبے نے لسٹ اپ ڈیٹ نہیں کی ہوگی جس کی وجہ سے یہ معاملہ سامنے آیا۔

یاد رہے کہ سرفراز احمد نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز ہی پی آئی اے سے کیا تھا اور اپنے کیریئر کا بہت بڑا حصہ اسی ڈیپارٹمنٹ کے لیے کھیلتے ہوئے گزارہ ہے۔ یاد رہے کہ سرفراز احمد پاکستان کرکٹ بور ڈ کے سینٹرل کانٹریکٹ کی اے کیٹگری میں شامل ہیں جس میں ان کے علاوہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر،سابق ون ڈے کپتان اظہر علی،آل راﺅنڈر شعیب ملک، لیگ سپنر یاسرشاہ اور سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال سینٹرل کنٹریکٹ کی مد میں ہر کرکٹر کودی جانے والی رقم میں دس فیصد اضافہ بھی کیا تھا ۔اس اضافے کے بعد اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ ساڑھے چھ لاکھ روپے، بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ساڑھے چار لاکھ، سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو دو لاکھ ساٹھ ہزار جبکہ ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ماہانہ ایک لاکھ 69 ہزار روپے بطور تنخواہ ادا کیے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 26/05/2018 - 13:20:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :