فٹ بال ورلڈکپ 2026کی میزبانی کے امیدوار مراکش نے ووٹ کیلئے پاکستان سے رجوع کرلیا

جمعرات 31 مئی 2018 21:54

فٹ بال ورلڈکپ 2026کی میزبانی کے امیدوار مراکش نے ووٹ کیلئے پاکستان سے رجوع کرلیا
لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) فٹ بال ورلڈکپ 2026کی میزبانی کے امیدوار مراکش نے ووٹ کیلئے پاکستان سے رجوع کرلیا، مہمان وفد 2جون کو صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات سے ملاقات کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2026کے میزبان کا فیصلہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے میگا ایونٹ سے ایک روز قبل 13جون کو فیفا کانگریس میں ہوگا۔

کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ مشترکہ طور پر ایونٹ کا انعقاد کروانے کیلئے امیداور ہیں،دوسری جانب مراکش نے بھی اپنی مہم بڑے زوروشور سے شروع کررکھی ہے،ورلڈکپ 2026میں پہلی بار 48ٹیمیں شرکت کرینگی، ملکوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ میزبانی کیلئے بڑے پیمانے پر پلاننگ کی ضرورت ہوگی،مراکو فٹ بال کے حکام بڑی سنجیدگی کیساتھ دنیائے فٹ بال کو اس بات کیلئے قائل کرنے کی مہم پر نکلے ہیں کہ وہ ورلڈکپ کی میزبانی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات سے ملاقات کیلئے 2جون کو پاکستان آرہا، مہمان آفیشلز مراکش کو میگاایونٹ کی میزبانی کا اہل ثابت کرنے کیلئے بریفنگ دینگے،وفد میں ممبر سپورٹ کمیٹی عبدالرحیم کادمیری،مراکو2026مہم کے سفیر ہشام الگیروج اور سی ای او ہشام العمرانی شامل ہیں۔سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ معزز مہمانوں کا پاکستان میں گرمجوشی سے خیرمقدم کیا جائے گا،پی ایف ایف ہر فیفا رکن کی قدر کرتی ہے،عالمی فٹ بال برادری کیساتھ دوستانہ روابط رکھنا چاہتے ہیں،وفد کی آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہونے کیساتھ انٹرنیشنل فٹ بال میں پاکستان کی بطور رکن اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
وقت اشاعت : 31/05/2018 - 21:54:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :