شاہد آفریدی نے کیریبئن جزائر میں طوفانوں سے متاثرہ افراد کےلئے انتہائی بڑا اعلا ن کردیا

آئی سی سی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے کرکٹ ریلیف کے مقصد میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کیا:سابق کپتان

جمعہ 1 جون 2018 11:32

شاہد آفریدی نے کیریبئن جزائر میں طوفانوں سے متاثرہ افراد کےلئے انتہائی بڑا اعلا ن کردیا
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈ شاہد خان آفریدی نے کیریبئن جزائر میں ارما اور ماریا نامی طوفانوں سے متاثرہ افراد کے لیے انتہائی بڑا اعلا ن کردیا ہے۔38سالہ شاہد آفرید ی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف چیریٹی میچ کے لیے ورلڈ الیون کی ٹیم کاکپتان مقرر کیا گیا تھا ، اس میچ کو انٹر نیشنل سٹیٹس حاصل تھا اور یہ شاہد آفریدی کے انٹر نیشنل کیریئر کا آخری میچ تھا جس میں انہوں نے ایک وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 11رنز بھی سکور کیے ۔

میچ کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ ” میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے کرکٹ ریلیف کے مقصد میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کیا ،یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے اور اس کی یادیں دیر تک میرے دل میں برقرار رہیں گی،میں اپنی فاﺅنڈیشن کی جانب سے کیریبئن جزائر میں سمندری طوفان سے متاثرہ افراد کے لیے 20ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کررہا ہوں “ ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ پر کھیلے گئے اس چیریٹی ٹونٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ورلڈ الیون کو 72رنز سے ہرادیا۔ورلڈ الیون کی قیادت عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کررہے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بنائے، لیوس نے 58، سیمیوئیل نے 43 اور دنیش رام دین نے 44رنز کی باریاں کھیلیں۔جواب میں ورلڈ الیون 17ویں اوور میں ہی 127رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، شاہد آفریدی بھی صرف 11رنز بناسکے۔ تھیساراپریرا 61رنز بناکر نمایاں رہے۔ولیمز نے 3، آندرے رسل اور سیمیول بدری نے 2،2وکٹیں لیں۔
وقت اشاعت : 01/06/2018 - 11:32:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :