لیڈز ٹیسٹ ،انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں بڑی برتری حاصل کرلی

پاکستانی بلے بازوں کا اصل امتحان شروع ہوگیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 3 جون 2018 16:01

لیڈز ٹیسٹ ،انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں بڑی برتری حاصل کرلی
لیڈز(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 جون 2018 ء) لیڈز ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 363رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے ۔میچ کے آخری دن انگلینڈ کی بقیہ تین وکٹو ں نے سکور میں 61رنز کا اضافہ کیا ، جوز بٹلر80رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ،پاکستان کیلئے فہیم اشرف نے 3اور حسن علی ،محمد عباس اور عامر نے دو دو وکٹیں لیں۔اس سے قبل لیڈز میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث کا تاخیر سے شروع ہوا تاہم انگلینڈ کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی جاری رکھی۔

انگلینڈ کے کپتان جوروٹ آﺅٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 45 رنز بنا کر 138 کے مجموعے پر محمد عامر کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔کپتان کے نقصان کے بعد نوجوان بلے باز ڈومینک بیس نے ٹیم کا بیڑا اٹھایا اور ڈیوڈ مالان کے ساتھ مل کر مہمان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کیا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے چائے کے وقفے تک 3 وکٹوں پر 199 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے خلاف 25 رنز کی برتری حاصل تھی۔

بیس اور ڈیوڈ مالان نے وقفے کے بعد لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف ایک رن کے اضافے کے بعد محمد عامر نے 28 رنز بنا کر کھیلنے والے مالان کو آﺅٹ کیا۔نوجوان بلے باز بیس محض ایک رن کے فرق سے اپنے کیریئر کی دوسری نصف سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور 49 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعد 212 کے اسکور پر آﺅٹ ہوگئے۔انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئراسٹو نے 21 رنز بنا کر اسکور کو 260 تک پہنچانے میں مدد کی تاہم فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

لیڈز میں کھیل کے دوسرے روز آﺅٹ ہونے والے آخری کھلاڑی کرس ووکس تھے جنھوں نے 17 رنز بنائے اور 285 کے سکور پر محمد عباس کا نشانہ بنے۔انگلینڈ نے جب دوسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا کر پاکستان پر 128 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔بٹلر 34 اور کیوران 16 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور فہیم اشرف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں گزشتہ روز پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث صرف 174 رنز پر آﺅٹ ہوگئی تھی۔یاد رہے کہ پاکستان نے لارڈز میں سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔لیڈز میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامراور محمد عباس جب کہ برطانوی ٹیم جو روٹ (کپتان)، ایلسٹر کک، کے جیننگ، ڈی جے مالان، جے ایم بیئرسٹو، ایس ایم کیورن، جے سی بٹلر، جے ایم اینڈرسن اور ڈی ایم بیس پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 03/06/2018 - 16:01:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :