سکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان

اہم ترین کھلاڑی کی قومی ٹیم میں واپسی

پیر 4 جون 2018 14:23

سکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 جون 2018 ء) سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔قومی سکواڈ میں سرفرازاحمد (کپتان )، فخرزمان، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمود نواز، شاداب خان، محمدعامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں ٹی 20 سیریز کھیلنے والی قومی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ انگلینڈ کےخلاف لارڈز ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے بابر اعظم کی جگہ حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی میچز 12 اور 13 جون کو کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل لیڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 55 رنز سے شکست دی۔

پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، اوپنر اظہر علی 11 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جب کہ حارث سہیل 8 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن اور ڈومنیک کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، اسد شفیق 5 رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر وکٹ کیپر بیرسٹو کو کیچ تھمایا۔42 پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد امام الحق اور عثمان صلاح الدین نے 42 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے مجموعہ 84 تک پہنچایا، امام الحق34 رنز بنانے کے بعد ڈومنیک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، کپتان سرفراز احمد 8 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر وکٹوں کے سامنے آﺅٹ ہوئے، شاداب خان 4 اور فہیم اشرف 3 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے وہ بھی اس میچ میں خاص کارکردگی نہ دکھا پائے، عثمان صلاح الدین کی مزاحمت 33 رنز پر دم توڑ گئی، نوجوان بیٹسمین نے ڈومنیک کی گیند پر جو روٹ کو کیچ تھمایا، حسن علی نے 9 رنز بنائے، آخری بیٹسمین محمد عباس نے ایک رن 1 بنا کر براڈ کی گیند پر سلپ میں آﺅٹ ہوئے، اس طرح پوری پاکستانی ٹیم 134 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سٹورٹ براڈ اور ڈومنیک بیس نے 3 ، 3 شکار کیے، جیمز اینڈرسن نے 2 جب کہ سیم کیوران اور کرس ووکس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے 302 رنز پر 7 کھلاڑی کے آﺅٹ سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو 319 کے مجموعی سکور پر کیورن 20 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، سٹورٹ براڈ 2 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد عباس کے ہاتھوں کیچ ہوئے، جیمز اینڈرسن 5 رنز بناکر حسن علی اور حارث سہیل کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، یوں پوری انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں 363 رنز بناتے ہوئے پاکستان پر 189 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جب کہ محمد عامر، محمد عباس اور علی حسن علی نے 2 ، 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 174 رنز پر آﺅٹ ہو گئی تھی، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 56 رنز بنائے تھے جبکہ حارث سہیل 28، اسد شفیق 27 اور حسن علی 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن، سٹورٹ براڈ اور کرس ووکس نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ سیم کیورن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 04/06/2018 - 14:23:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :