اظہرعلی اوراسد شفیق انگلش کاؤنٹی چمپئن شپ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے

دونوں کے مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہوگئے ،ْاسد شفیق (آج)کراچی پہنچ جائیں گے

منگل 5 جون 2018 15:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو اہم بیٹسمین اسد شفیق اور اظہر علی اس سیزن میں انگلش کاؤنٹی چمپئن شپ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے مطابق دونوں کے مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں ،ْاسد شفیق بدھ کو کراچی پہنچ جائیں گے اور ان کا معاہدہ دو دن میں طے پا جائیگا جبکہ اظہر علی نے فوری طور پر پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بولنگ کوچ اظہر محمود دونوں بیٹسمینوں کے کاؤنٹی کلب کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دلانے میں کردار ادا کررہے ہیں۔پاکستانی ہیڈ کوچ کے مطابق دونوں بیٹسمینوں کو انگلش کاؤنٹی کا تجربہ مل جائے تاکہ ان کے کارکردگی میں نکھار آسکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سرے کاؤنٹی نے اسد شفیق کو بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی جگہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کی پیشکش کی تھی لیکن وہ اسد شفیق کو صرف تین چار میچوں کیلئے لینا چاہتی تھی البتہ سمرسیٹ کاؤنٹی اسد شفیق کے ساتھ بقیہ سیزن کے لیے معاہدہ کرنا چاہتی ہے۔

اظہر علی بھی کاؤنٹیز سے بات چیت میں مصروف ہیں۔ موجودہ سیزن میں محمد عباس لیسٹرشائر اور وہاب ریاض ڈربی شائر کیلئے کھیلیں گے۔مکی آرتھر کے مطابق دونوں کرکٹرز کو کاؤنٹی کا تجربہ ملے تاکہ ان کے کھیل میں نکھا ر آئے۔ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کے سب سے تجربہ کار بیٹسمین اسد شفیق اور اظہر علی انگلینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ کی چار اننگز میں 100 رنز بھی نہ بناسکے۔

شاداب خان سیریز میں 2 نصف سنچریاں بناکر نمایاں رہے تاہم دونوں ٹیموں کی جانب سے سیریز میں کوئی سنچری نہ بناسکا۔اسد شفیق نی91 رنز30.33 کی اوسط سے بنائے، اظہر علی نے 16 کی اوسط سی67 رنز بنائے۔مکی آرتھر کے مطابق دونوں بیٹسمین ورلڈ کلاس بیٹسمین بن سکیں، اسد شفیق کو ان کی حالیہ خراب فارم کے باوجود انگلینڈ میں بڑا بیٹسمین سمجھا جاتا ہے۔دونوں پاکستانی ٹیسٹ بیٹسمینوں کے معاہدوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 05/06/2018 - 15:14:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :