سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ناصر جمشید کیخلاف برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے 2نمائندوں نے گواہی ریکارڈ کروا دی

بدھ 6 جون 2018 22:54

سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ناصر جمشید کیخلاف برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے 2نمائندوں نے گواہی ریکارڈ کروا دی
لاہور۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ناصر جمشید کیخلاف برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے 2نمائندوں نے گواہی ریکارڈ کروا دی۔ انہوں نے گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والی سماعت میں بذریعہ ویڈیو لنک اپنا بیان دیا، اگلی سماعت 12 جون کو ہو گی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ برطانوی ایجنسی کے اہلکاروں نے گواہی دی ہے، غیر ملکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ کرکٹر کیخلاف اپنی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے رپورٹ پبلک پراسیکیوٹر کو جمع کروا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تفضل رضوی نے بتایا کہ ناصر جمشید کے خلاف برطانیہ میں کیس میں کریمنل ایکٹ لاگو ہوگا جبکہ پاکستان میں محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے، ناصر جمشید کے وکیل نہیں بتا رہے کہ انہیں لندن میں کیوں گرفتار کیا گیا تھا، پی سی بی کی جانب سے آخری گواہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سابق سربراہ رونی فیلنگن ویزے کی دستیابی پر منگل یا بدھ کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ٹو سپاٹ فکسنگ کیس کے ساتھ ناصر جمشید کا براہ راست تعلق ہے، رقوم کے انتظام اور ادائیگیوں کا تانا بانا انہی سے ملتا ہے۔
وقت اشاعت : 06/06/2018 - 22:54:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :