ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 246 رنز بنا لئے، شین ڈورچ اور جیسن ہولڈر نے چھٹی وکٹ میں 90 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچایا، لاہیرو کمارا کی 3 وکٹیں

جمعرات 7 جون 2018 17:23

ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 246 رنز بنا لئے، شین ڈورچ اور جیسن ہولڈر نے چھٹی وکٹ میں 90 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچایا، لاہیرو کمارا کی 3 وکٹیں
پورٹ آف سپین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنا لئے، شین ڈورچ اور کپتان جیسن ہولڈر نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 90 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچایا، ڈورچ 46 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، لاہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

پورٹ آف سپین میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کالی آندھی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 4 کے سکور پر اسے کریگ بریتھویٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جو 3 رنز بنا کر سرنگا لکمل کی گیند کا نشانہ بنے، 40 کے سکور پر ڈیوون سمتھ 7 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، کیرن پاویل 38 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر بولڈ ہوئے، شے ہوپ 44 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 147 کے سکور پر کالی آندھی کی پانچویں وکٹ گری جب روسٹن چیس 38 رنز بنانے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر شین ڈورچ اور کپتان جیسن ہولڈر نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 90 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا اور سکور 237 تک پہنچا دیا، کمارا نے ہولڈر کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑی، ہولڈر نے 40 رنز بنائے، اس کے بعد ڈورچ اور دیوندرا بیشو نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں پر 246 رنز بنا لئے تھے، ڈورچ 46 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بیشو 32 گیندیں کھیلنے کے باوجود رنز کا کھاتہ نہ کھول سکے، لاہیرو کمارا نے 3 جبکہ لکمل اور ہیراتھ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 07/06/2018 - 17:23:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :