ٹی 20 رینکنگ، پاکستان کی نمبر ون پوزیشن کو خطرہ لاحق

سکاٹ لینڈ سے دونوں میچزمیں غیرمتوقع شکست رینکنگ میں تنزلی کا باعث بن جائے گی

جمعہ 8 جون 2018 11:26

ٹی 20 رینکنگ، پاکستان کی نمبر ون پوزیشن کو خطرہ لاحق
ایڈنبرا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جون 2018 ء) پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان 2 ٹی ٹونٹی میچز بالترتیب12 اور 13 جون کو ایڈنبرا میں کھیلے جائینگے، اس وقت گرین شرٹس رینکنگ میں 130 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں اورنمبر 11 سکاٹش ٹیم سے دونوں میچز جیتنے کی صورت میں سرفراز الیون کے پوائنٹس میں ایک پوائنٹ کا اضافہ ہو جائے گا۔

سیریز1-1 سے برابر ہونے پر بھی گرین شرٹس کی پہلی پوزیشن برقرار رہے گی البتہ ا س کا3 پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد دوسرے نمبر پر براجمان آسٹریلیا کے ساتھ فاصلہ صرف ایک پوائنٹ کا رہ جائے گا۔اگر غیر متوقع طور پر پاکستان کو دونوں میچز میں ناکامی ہوئی تو 7 پوائنٹس کی کٹوتی سرفراز الیون کو تیسرے درجے پر لے جائے گی اور یوں 126 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا پہلے نمبر پر آجائے گا جب کہ 123 پوائنٹس کی حامل تیسری پوزیشن پر موجود بھارتی ٹیم اعشاریائی فرق سے نمبر 2 بن جائے گی۔

(جاری ہے)

اس وقت رینکنگ کی ابتدائی تین پوزیشنز پر پاکستان، آسٹریلیا اور بھارت موجود ہیں، نیوزی لینڈ(116) پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ،سابق ٹی ٹونٹی عالمی چیمپئن انگلینڈ115 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز114،114 پوائنٹس لے کر بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں ، بنگلہ دیش کو سیریز میں شکست دینے والی افغان ٹیم 90پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر برقرار رہی، سری لنکا 85پوائنٹس کے ساتھ نمبر 9 اور بنگال ٹائیگرز 72پوائنٹس لے کر ٹاپ 10 کے آخری شریک ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال بھی مختصر طرز میں گرین شرٹس کی کارکردگی بہترین رہی ہے، ٹیم نے نیوزی لینڈ سے سیریز کا پہلا میچ ہارنے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، اگلے دونوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کی اور پھر ویسٹ انڈیز کو بھی کراچی میں تینوں ٹی ٹونٹی میچز میں مات دی۔


وقت اشاعت : 08/06/2018 - 11:26:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :