افغانستان نے بنگلادیش کو3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا

بنگلادیش کی ٹیم146رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6وکٹوں پر 144رنز بناسکی

جمعہ 8 جون 2018 14:55

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک رنز سے شکست دے دی جس کے بعد سیریز بھی 0-3سے اپنے نام کرلی۔افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 145رنز بنائے جس کے جواب میں بنگال ٹائیگرز 6وکٹوں پر 144رنز بناسکے۔افغانستان کی جانب سے نپی تلی بولنگ کرائی گئی اور جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بنگلادیشی بلے باز رنز آئوٹ ہوئے۔

بلیو کیپس کے مجیب الرحمان، کریم جنت اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلادیش کے اوپننگ بلے باز لٹن داس 12 اور تمیم اقبال 5رنز بناکر آئوٹ ہوئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز سومیا سرکار بھی 15رنز بنا کر رنز آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے مشفق الرحیم 46اور محمد اللہ 45رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹوں پر 145رنز بنائے جس میں محمد شہزاد کے 26رنز اور سمیع اللہ شنواری کی ناقابل شکست 33رنز کی اننگز نمایاں ہے۔

دیگر افغان بلے بازوں میں عثمان غنی 19، اصغر استنکزئی 27، محمد نبی 3، نجیب زدران 15اور شفیق اللہ 4رنز بنا کر آٹ ہوئے۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر راشد خان کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ بنگلادیش کے مشفق الرحیم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 08/06/2018 - 14:55:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :