شاہد آفریدی کی بنگلہ دیش کے خلاف فتحیاب افغان ٹیم کو مبارکباد

ٹیم ورک کی وجہ سے یہ کامیابی ممکن ہوسکی :آل راﺅنڈر

ہفتہ 9 جون 2018 13:36

شاہد آفریدی کی بنگلہ دیش کے خلاف فتحیاب افغان ٹیم کو مبارکباد
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 جون 2018 ء) سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے افغان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز جیتنے پر مبارکباد کا پیغام ارسال کردیا۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں افغان ٹیم کی فتح کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ” بنگلہ دیش جیسی تجربہ کار ٹیم کیخلاف اچھی کارکردگی میں تمام افغان پلیئرز کا بھرپور کردار رہا جنہوں نے تینوں شعبوں میں شاندار کھیل پیش کیا اور کامیابی کو یقینی بنایا، جس انداز سے فاتح ٹیم کے بیٹسمینوں اور باﺅلرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ایسے ہی فیلڈرز نے بھی جم کر محنت کی لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ ٹیم ورک کی وجہ سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی ہے کیونکہ ویسے بھی کرکٹ انفرادی نہیں پوری ٹیم کا اجتماعی کھیل ہوتا ہے“۔

یاد رہے کہ افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ایک رنز سے شکست دے دی جس کے بعد سیریز بھی 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

(جاری ہے)

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگال ٹائیگرز 6 وکٹوں پر 144 رنز بناسکے۔افغانستان کی جانب سے نپی تلی بولنگ کرائی گئی اور جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بنگلادیشی بلے باز رن آﺅٹ ہوئے۔

بلیو کیپس کے مجیب الرحمان، کریم جنت اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلادیش کے اوپننگ بلے باز لٹن داس 12 اور تمیم اقبال 5 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز سومیا سرکار بھی 15 رنز بنا کر رنز آﺅٹ ہوئے۔بنگال ٹائیگرز کی جانب سے مشفیق الرحیم 46 اور محمد اللہ 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 145 رنز بنائے جس میں محمد شہزاد کے 26 رنز اور سمیع اللہ شنواری کی ناقابل شکست 33 رنز کی اننگز نمایاں ہے۔

دیگر افغان بلے بازوں میں عثمان غنی 19، اصغر استنکزئی 27، محمد نبی 3، نجیب زدران 15اور شفیق اللہ 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر راشد خان کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ بنگلادیش کے مشفق الرحیم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 09/06/2018 - 13:36:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :