فیفا ورلڈ کپ کیلئے پسندیدہ ٹیم کو ن ہے ؟ شاہد آفریدی نے بتا دیا

پاکستانی عوام کی جانب سے مجھے جتنا پیار ملا وہ کافی ہے : سابق کپتان

پیر 11 جون 2018 15:26

فیفا ورلڈ کپ کیلئے پسندیدہ ٹیم کو ن ہے ؟ شاہد آفریدی نے بتا دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جون2018ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے روس میں 14جون سے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے اپنے پسندیدہ ٹیم کا نام بتا دیا ۔ اصغر علی شاہ سٹیڈیم، کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی گزشتہ ورلڈ کپ میں بھی پسندید ہ ٹیم جرمنی تھی اور اس ورلڈ کپ میں بھی وہ موجودہ فٹ بال عالمی چیمپئن کو ہی سپورٹ کررہے ہیں۔

کراچی میں رمضان ٹورنامنٹس کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کراچی روشنیو ں کا شہر رہا ہے اور یہاں پر جو بڑے بڑے رمضان ٹورنامنٹس ہوتے ہیں انہیں میڈیا کی بھی بہت سپورٹ حاصل ہوتی ہے ، ان کے خیال میں یہ میچز دکھا ئے جانے چاہیئے کیوں کہ اس سے ان ٹورنامنٹس میں کھیلنے والے لڑکوں کو اعتماد ملتا ہے،اس ٹورنامنٹس کا ایک بہت بڑا کریڈٹ سندھ رینجر ز اور پولیس کو بھی جاتا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ورلڈ الیون کے لیے اپنا آخری میچ کھیلنے کے سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں بہت پہلے سے یقین ہے کہ اللہ جس کو جب چاہے عزت دیتا ہے اور ان کے لیے بھی اللہ نے یہ دن لکھا ہواتھا ، وہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بطور پاکستانی لارڈز کے تاریخی میدان میں ورلڈ الیون کی قیادت کی جو پاکستان کے لیے بھی بڑا اعزاز ہے ،مجھے پاکستانی عوام کی جانب سے جتنا پیار ملا میرے لیے یہ بھی بہت ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں مایہ ناز آل راﺅنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کراچی میں کرکٹ ٹورنامنٹس کروانے والے آرگنائزرز سے 15لاکھ روپے فیس لینے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے کیوں کہ اس سے اس طرح کے ٹورنامنٹس میں اپنی صلاحیتوں کا جوہر دکھانے والے لڑکوں کا مستقبل تاریک ہوجائے گا ۔پاکستان اور سکاٹ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے حوالے سے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی میں آپ کسی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھ سکتے اور بالخصوص جب آپ انہیں کی کنڈیشنز میں کھیل رہے ہوں،ان کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ قومی ٹیم گزشتہ ایک مہینے سے انگلینڈ میں موجود ہے اور وہاں کی کنڈیشنز کو پہچان چکی ہے۔
وقت اشاعت : 11/06/2018 - 15:26:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :