فٹبال ورلڈ کپ، روس میں شہریوں پر پابندیاں عائد

گرائونڈز کے آس پاس شراب کی فروخت ممنوع قرار، میزبان شہروں میں میچز کے سوا عوامی اجتماعات اور جلسوں جلوسوں کی بھی سختی سے ممانعت،میزبان شہروں کے گرد 100کلومیٹر کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا،آرمی اسٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کرے گی

پیر 11 جون 2018 20:00

فٹبال ورلڈ کپ، روس میں شہریوں پر پابندیاں عائد
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) فٹبال ورلڈکپ کے دوران خصوصی پابندیاں عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دیں گی جب کہ میدانوں کے آس پاس شراب کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی۔14جون کو شروع ہونے والے فٹبال کے عالمی میلے میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے حکومت کی جانب سے سخت ترین اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کی سے عام شہریوںکیلئے بھی مسائل پیدا ہوںگے۔

کسی بھی شہر میں شائقین کیلئے مختص علاقوں میں میچ سے ایک روز قبل ہی نہ صرف شراب بلکہ شیشے کی بوتل میں کسی بھی مشروب کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔پارکس اور ریلوے اسٹیشنز کی دکانوں کو بھی اس قانون کی پابندی کرنا ہوگی،،پولیس کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کو نشے کی حالت میں پائے جانے پر پکڑ کر خصوصی سیل میں رکھنے کی مجاز ہوگی۔

(جاری ہے)

سفر کرنے والے شائقین کو ایک سے دوسرے شہر پہنچ جانے کے بعد3روز میں پولیس رجسٹریشن کروانے کا پابند کیا گیا ہے،اگر کوئی غیر ملکی ایک ہی شہر میں دوبارہ آئے تو ایک مرتبہ پھر اسی مرحلے سے گزرے گا،اگر کوئی نجی فلیٹ میں رہائش اختیار کرے تو مالک رجسٹریشن کروانے کا پابند ہوگا۔

یاد رہے کہ اس قانون کی وجہ سے کئی صحافی پہلے ہی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔ میزبان شہروں میں میچز کے سوا عوامی اجتماعات اور جلسوں جلوسوں کی بھی سختی سے ممانعت کردی گئی ہے۔سیاحتی دوروں کو محدود کرنے کے ساتھ تفریحی مقاصد کیلیے استعمال ہونے والی کشتیوں کو بھی دریائوں میں اتارنے کی اجازت نہیں ہوگی،ورلڈکپ کے دوران 41مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی۔

میزبان شہروں کے گرد 100کلومیٹر کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا،آرمی اسٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کرے گی،ایک میزبان شہر کے میئر نے تو شہریوں کو غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کسی اور علاقے میں جانے کا مشورہ دیدیا ہے۔جنگلات اور آس پاس میں آگ لگنے کے خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے باربی کیو پارٹیز پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں فرنچ فٹبال نے ورلڈ کپ سے قبل شائقین میں مقبولیت کا مقابلہ جیت لیا، دنیا بھر میں بلو جرسیاں اب تک سب سے زیادہ فروخت ہوئی ہیں، اگرچہ برازیلین جرسی بھی شائقین کی پسندیدہ ہے۔فرنچ فٹبال فیڈریشن کی ویب سائٹ کے مطابق اسپورٹس برانڈ کی تیار کردہ فرانس کی آفیشل شرٹ کی قیمت 85 یورو ہے ، دنیا بھر میں اس کا اسٹاک ختم ہوگیا اور ہم مانگ کے مطابق فراہم نہیں کرپا رہے، فرانس سردست اس معاملے میں برازیل سے آگے ہے۔

انگلینڈ کی پارلیمینٹری کمیٹی نے آئندہ ہفتے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران روس میں ملکی شائقین کی سیکیورٹی پر تشویش کااظہار کیا ہے۔ قانون دانوں نے کہا ہے کہ برطانیہ کے سیاہ فام ، ایشین اور اقلیتی پس منظر رکھنے والے شہریوں کو روس میں زیادہ خطرہ ہوگا۔اندازے کے مطابق 10 ہزار انگلش شائقین فٹبال ورلڈ کپ کیلیے روس کا سفر کریں گے۔ یورو 2016 فٹبال چیمپئن شپ کے دوران مارسیلی میں روسی اور انگلش شائقین کے درمیان پرتشدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ فارن افیئرز کمیٹی کی سربراہی کرنے والے ٹام ٹیوگن ہاٹ نے کہاکہ وزارت خارجہ اور کامن ویلتھ آفس اس سلسلے میں روس سے تمام ضروری سیکیورٹی پر یقین دہانی حاصل کرے۔۔
وقت اشاعت : 11/06/2018 - 20:00:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :