پاکستان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی 13سالہ تاریخ کا انوکھاریکارڈ بنا ڈالا

سرفراز الیون نے سکاٹ لینڈ کو پہلے مقابلے میں شکست دی تھی

بدھ 13 جون 2018 11:31

پاکستان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی 13سالہ تاریخ کا انوکھاریکارڈ بنا ڈالا
ایڈنبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جون2018ء) پاکستان نے سکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ٹی ٹونٹی کرکٹ کی 13سالہ تاریخ کا انوکھا ریکارڈ اپنے نا م کرلیا ہے ۔ ایڈنبرگ میں گرین شرٹس نے میزبان سکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 204رنز سکور کیے جس کے ساتھ ہی سرفراز الیون ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مسلسل 5میچز میں 180یا اس سے زائد رنز سکور کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔

پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 204 رنز بنائے جس کے جواب میں سکاٹ لینڈ مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 156 رنز ہی بناسکی۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسی اور کائیل کوئٹزر نے 53 رنزکا آغاز فراہم کیا، کپتان کائیل نے 31 رنز پر محمد نواز کا شکار بنے، منسی کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی وہ 25 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جس کے بعد شاداب خان نے لگاتار دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میزبان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رچی بیرنگٹن صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کالم میکلوڈ کی اننگز 12 رنز تک ہی محدود رہی۔مڈل آرڈر بلے باز ڈیلان بج نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن محمد عامر نے ان کی مزاحمت 24 رنز پر ختم کردی۔ مائیکل لیسک اور میتھیو کراس نے چھٹی وکٹ کے لیے 43 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے سکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن حسن علی نے کراس کو پویلین بھیج کر اس شراکت داری کا خاتمہ کیا، وہ 13 رنز ہی بناسکے جب کہ مائیکل لیسک 37 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے لیے فخرزمان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 33 رنزکا آغاز فراہم کیا لیکن احمد شہزاد چوتھے اوور میں 14 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔حسین طلعت تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور فخرزمان کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ میں صرف 13 رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ فخرزمان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے وہ 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد خود بیٹنگ کے لیے آئے اور حسین کے ساتھ ملکر 41 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم حسین طلعت 18 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

کپتان سرفراز نے شعیب ملک کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 96 رنز کی جارحانہ شراکت داری قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، شعیب ملک 27 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر آو¿ٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے بھی شامل تھے۔ کپتان سرفراز نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی بیسٹ اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 89 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔واضح رہے سکاٹ لینڈ نے چند روز قبل ہی انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں شکست سے دوچار کیا تھا۔
وقت اشاعت : 13/06/2018 - 11:31:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :