دورئہ برطانیہ میں کن کھلاڑیوں نے متاثر کیا ؟ سرفراز نے بتا دیا

خوشی ہے کہ ہم نے ناقدین کو غلط ثابت کیا:قومی کپتان

جمعہ 15 جون 2018 12:40

دورئہ برطانیہ میں کن کھلاڑیوں نے متاثر کیا ؟ سرفراز نے بتا دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جون 2018 ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا دورہ توقعات سے بڑھ کر کامیاب رہا۔ نوجوان کھلاڑیوں نے اس دورے میں سب کو حیران کیا جب ہم یہاں آئے تھے تو ہر کوئی کہہ رہا تھا کہ تینوں ٹیسٹ ہار جائیں گے۔ لیکن اللہ کا شکر ہے ہم نے آئر لینڈ کو ڈبلن میں شکست دی۔ لارڈز ٹیسٹ جیت کر انگلینڈ کے خلاف سیریز برابر کی۔

اب اسکاٹ لینڈ کو دونوں ٹی 20 میچوں میں شکست دی۔ پاکستان نے نارتھمپٹن شائر کے خلا ف سائیڈ میچ نو وکٹ سے جیتا۔ لیسٹر شائر اور کینٹ کے خلاف اس کے ٹور میچ ڈرا رہے۔ ڈبلن ٹیسٹ میں پاکستان نے آئر لینڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دی۔ لیڈز میں پاکستان کو دورے میں واحد شکست ہوئی جب انگلینڈ نے دوسرا ٹیسٹ اننگز اور55 رنز سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد نے کہا کہ ہم کامیاب دورے کا اختتام سکاٹ لینڈ میں دو فتوحات سے کیا ہے۔

اس دورے میں نوجوان کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے۔ شاداب خان، فہیم اشرف نے پورے دورے میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ ہماری فیلڈنگ غیر معمولی رہی ہے۔ سینئر بیٹسمین شعیب ملک کی دونوں میچوں میں زبردست کارکردگی سے بھی ٹیم کو فائدہ پہنچا۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کامیاب دورہ انگلینڈ و آئرلینڈ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ سے میچز کھیل کر قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی غیر ملکی پرواز ای کے 624 کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے جن میں حسن علی، فہیم اشرف، احمد شہزاد، راحت علی اور آصف علی شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح سیریز برابر رہی۔

آئرلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ بھی گرین کیپس کے نام رہا جب کہ قومی ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹی ٹونٹی میچز اپنے نام کیے۔ دورہ برطانیہ قومی ٹیم کے کپتان کے لیے خصوصی کامیابیاں لے کر آیا، سرفراز احمد کو لارڈز میں ٹیسٹ جیتنے والے پانچویں پاکستانی کپتان کا اعزاز حاصل ہوا اور مسلسل 8 ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر سرفراز احمد کو کامیاب ترین کپتان ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوگیا۔
وقت اشاعت : 15/06/2018 - 12:40:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :