”کم بیک کنگ “احمد شہزاد ایک بار پھر قومی ٹیم پر بوجھ محسوس ہونے لگے

منگل 19 جون 2018 16:29

”کم بیک کنگ “احمد شہزاد ایک بار پھر قومی ٹیم پر بوجھ محسوس ہونے لگے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جون 2018 ء) اوپنر احمد شہزاد ایک بار پھر قومی ٹیم پر بوجھ محسوس ہونے لگے ہیں ۔تینوں فارمیٹ میں سنچریاں بنانے کا اعزاز رکھنے والے واحد پاکستانی بیٹسمین احمد شہزاد کی قومی ٹیم میں جگہ ایک بار پھر خطرات سے دوچارہوتی جارہی ہے،گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف دونوں ون ڈے میچز میں ناکامی پر ڈراپ کیے جانے کے بعد ان کا خلا امام الحق نے پرکردیا۔

آئی لینڈرز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے بھی 2میچز کھلانے کے بعد احمد شہزاد کوباہر بٹھا دیا گیا، رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم میں انھیں شامل نہیں کیا گیا اور تین میچز کے لیے ٹی ٹونٹی سکواڈکا حصہ بنے تو44رنز کی ایک ہی قابل ذکر اننگزکھیل پائے۔رواں سال اپریل میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کراچی میں سیریز کے تینوں میچز میں بابر اعظم نے بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اوراحمد شہزاد باہر بیٹھ کر محض تالیاں بجاتے رہے،نوجوان بیٹسمین انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بازو کی ہڈی فریکچر ہونے کی وجہ سے وطن واپس آگئے تو احمد شہزاد کے لیے سکاٹ لینڈ جانے کا راستہ بن گیا۔

(جاری ہے)

تجربہ کار اوپنر نے ایک بار پھر اپنے چاہنے والوں کو مایوس کیا اور نوآموز با ﺅلنگ لائن کا سامنا کرتے ہوئے پہلے میچ میں 14اور دوسرے میں 24رنز بنائے،قومی ون ڈے سکواڈ سے پہلے ہی باہر احمد شہزاد کے لیے اب ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھی جگہ برقرار رکھنا مشکل نظر آرہا ہے۔ مئی 2009ءمیں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کا آغاز کرنے والے 26سالہ احمد شہزاد نے اب تک قومی ٹیم کے لیے 57میچز میں 26.43کی اوسط 115.67کے سٹرائیک ریٹ سے 1454رنز سکور کررکھے ہیں جس میں ایک سنچری اور سات نصف سنچریاں شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 19/06/2018 - 16:29:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :