ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی بارش سے متاثر

میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 204رنز پر آئوٹ، ہولڈر 74اور ڈورچ 71رنز بنا کر نمایاں، کمارا کی 4وکٹیں سری لنکاپہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار، 5وکٹوں پر 99رنز بنا لئے، سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105رنز درکار

پیر 25 جون 2018 16:41

برج ٹائون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز بھی بارش سے متاثر ہوا، میزبان ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 204رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان جیسن ہولڈر 74 اور شین ڈورچ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے، لاہیرو کمارا نے 4اور کاسن راجیتھا نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں سری لنکن ٹیم بھی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، سری لنکا نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 5وکٹوں پر 99رنز بنا لئے تھے اور اسے کالی آندھی کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار ہیں۔

برج ٹائون میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 132رنز 5کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈورچ 60اور ہولڈر 33رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا تاہم 168 کے مجموعی سکور پر کمارا نے ڈورچ کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، ڈورچ نے 71 رنز بنائے، دیوندرا بیشو بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 189 کے سکور پر ہولڈر 74 رنز بنانے کے بعد راجیتھا کی گیند پر آئوٹ ہوئے، میگل کمنز 2 رنز بنا سکے، 204 کے سکور پر ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ گری جب شینن گبرائل 2 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر آئوٹ ہوئے، کیمر روچ 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، لاہیرو کمارا نے 4، کاسن راجیتھا نے 3 سرنگا لکمل نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں سری لنکن کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا، بارش کی وجہ سے دوسرے روز جب کھیل ختم کیا گیا تو آئی لینڈرز نے 5 وکٹوں پر 99 رنز بنا لئے تھے اور اسے کالی آندھی کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز کی ضرورت ہے، کوسل پریرا صفر، اوداوتے 4، گوناتھلیکا 29، کوسل مینڈس 22 اور دھنن جایا ڈی سلوا 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نیروشن ڈکویلا 13 اور روشن سلوا 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کیمر روچ اور شینن گبرائل نے 2، 2 اور ہولڈر نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 25/06/2018 - 16:41:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :