ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے شیڈول کا اعلان، میگا ایونٹ 9 سے 24 نومبر تک ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں 11 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی

پیر 25 جون 2018 23:55

ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے شیڈول کا اعلان، میگا ایونٹ 9 سے 24 نومبر تک ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں 11 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی
دبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا، میگا ایونٹ 9 نومبر سے 24 نومبر تک ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، میزبان ویسٹ انڈین ٹیم ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں 11 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ پیر کو آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا، میگا ایونٹ 9 سے 24 نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور کوالیفائر ون جبکہ گروپ بی میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کوالیفائر ٹو شامل ہیں، فائنل سمیت تمام 23 میچز براہ راست نشر کئے جائیں گے اور پہلی مرتبہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ڈی آر ایس سسٹم بھی استعمال کیا جائے گا، ڈیرن سیمی کرکٹ گرائونڈ، سینٹ لوشیا، سر ویون رچرڈز سٹیڈیم، اینٹی گووا اور پروویڈنس اسٹیڈیم، گیانا میچز کی میزبانی کریں گے، سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم 22 نومبر کو دونوں سیمی فائنلز اور 24 نومبر کو شیڈول فائنل کا بھی میزبانی ہو گا۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ویمن ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، اسی روز پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی جبکہ ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کوالیفائر ون سے ہو گا، پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں 11 نومبر کو مدمقابل ہوں گی۔ واضح رہے کہ صف اول کی آٹھ بہترین ٹیموں نے براہ راست ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ بقیہ دو ٹیموں کو کوالیفائر مرحلہ عبور کرنا ہو گا، ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کوالیفائر ٹورنامنٹ 7 سے 14 جولائی تک ہالینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، ہالینڈ، پاپوا نیو گنی، سکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ، یوگینڈا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں ورلڈ کپ تک رسائی کیلئے فائٹ کریں گی۔
وقت اشاعت : 25/06/2018 - 23:55:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :