انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ(کل)کھیلا جائے گا

اتوار 1 جولائی 2018 17:10

مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جولائی2018ء) انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز(کل)منگل سے ہو گا۔ ان فارم انگلینڈ کے خلاف سیریز کوہلی الیون کیلئے کڑا امتحان ہے، بھارت کو فاسٹ بائولر جسپریت بمرا کی بھی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو کہ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم ان دنوں بھرپور فارم میں ہے اور اس نے حال ہی میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کیا تھا، اسی سیریز کے دوران انگلینڈ نے ون ڈے اننگز میں 481 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر نئی تاریخ بھی رقم کی تھی، اس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ نے کینگروز کو واحد ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست فاش سے دوچار کیا تھا، مورگن الیون بھرپور فارم میں ہیں اور اب وہ بھارت کو ٹی ٹونٹی سیریز میں نشانہ عبرت بنانے کیلئے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں، دوسری جانب بھارتی ٹیم بھی آئرلینڈ کو ٹی ٹونٹی سیریز میں زیر کرنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے تیار ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 6 جولائی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 8 جولائی کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
وقت اشاعت : 01/07/2018 - 17:10:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :