سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز: پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے ہدف دے دیا

بلی سٹین لیک نے پاکستانی صفوں میں تباہی مچا دی

پیر 2 جولائی 2018 14:38

سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز: پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے ہدف دے دیا
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جولائی 2018 ء) سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 117رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔زمبابوے کے ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے میچ میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کی جانب سے محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

سٹین لیک کے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر محمد حفیظ بغیر کوئی رنز بنائے ایرون فنچ کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔دوسری وکٹ پر حسین طلعت اور فخر زمان نے 12 رنز کی شراکت قائم کی تو حسین طلعت بھی اسٹین لیک کا شکار بن گئے جس کے بعد فخر زمان بھی سٹین لیک کی گیند کیچ آﺅٹ ہوئے، وہ 6 رنز ہی بناسکے،کپتان سرفراز احمد بھی 4رنز بنا کر سٹین لیک کا شکا ر بنے جب کہ شعیب ملک کا سفر 13 رنز تک محدود رہا اور آصف علی بھی 22 رنز تک ٹیم کا سہارا بنے،شاداب خان کے 29اور فہیم اشرف کے21رنز کی بدولت پاکستانی ٹیم 100رنز کا مجموعہ پار کرنے میں کامیاب ہوئی اور سرفراز الیون کی اننگز کا خاتمہ آخری اوور میں 116رنز کے مجموعے پر ہوا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے بلی سٹین لیک نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4اوور زمیں 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں،اینڈریو ٹائی نے تین جب کہ مارکس سٹوئنس اور رچرڈ سن نے 1 ،1 شکار کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور قومی ٹیم محمد حفیظ، فخر زمان، حسین طلعت، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔

زمبابوے کی طرح آسٹریلیا بھی تنازعات کی زد میں ہے، بال ٹمپرنگ کے بعد پابندی کا شکار ہونے والے سابق کپتان سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکروفٹ کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد سہ فریقی سیریز میں کینگروز کی جانب سے نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔کینگروز کپتان ایرون فنچ کوگلین میکسویل، ایلیکس کیری، ایشٹن ایگر، ٹریوس ہیڈ، نک میڈنسن، جے رچرڈسن، ڈارسی شارٹ، بلی سٹین لیک، مارکس سٹوئنس، اینڈریو ٹائی کی خدمات حاصل ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 14 مرتبہ مدمقابل آئیں جس میں پاکستان کو 8 اور آسٹریلیا کو 6 میچز میں کامیابی ملی۔ آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں 2016 ءمیں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں مدمقابل آئیں تھی جس میں آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔گزشتہ روز سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو شکست دینے کے بعد پاکستان کو 2 پوائنٹس حاصل ہیں ۔
وقت اشاعت : 02/07/2018 - 14:38:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :