سویڈن 24 برس بعد ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، سوئٹزرلینڈ کو شکست

منگل 3 جولائی 2018 22:45

سویڈن 24 برس بعد ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، سوئٹزرلینڈ کو شکست
ماسکو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء)سویڈن اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، سویڈش ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے شکست دے کر 24 برس بعد لاسٹ ایٹ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، سویڈن نے آخری مرتبہ 1994ء میں میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، سوئس کھلاڑیوں نے گول کرنے کیلئے حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن سویڈش کے مضبوط دفاع اور گول کیپر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ہر وار کو ناکام بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

(جاری ہے)

منگل کو کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے سویڈن کا ساتھ دیا اور اس نے سوئٹزرلینڈ کو 1-0 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، پہلے ہاف میں سرتوڑ کوشش کے باوجود دونوں ٹیمیں گولز کرنے میں ناکام رہیں، دوسرے ہاف کے 66ویں منٹس میں سویڈش کھلاڑی فورسبرگ نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، سوئس کھلاڑیوں نے برتری ختم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی لیکن سویڈن کے مضبوط دفاع اور گول کیپر نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اسے کامیاب نہ ہونے دیا، اسطرح سویڈن نے سوئٹزرلینڈ کو 1-0 گول سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، فتح کے ساتھ ہی سویڈش کی ٹیم کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئی۔

وقت اشاعت : 03/07/2018 - 22:45:02