سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز فائنل ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے بڑ ا ہدف دیدیا

پاکستان ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے

اتوار 8 جولائی 2018 14:39

سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز فائنل ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے بڑ ا ہدف دیدیا
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جولائی 2018 ء) تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل معرکے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لےے 184رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ہرارے سپورٹس کلب میں جاری میچ میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان کے ہمراہ ڈارسی شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے شروع سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور گراﺅنڈ کے چاروں اطراف زبردست سٹروکس کھیلے۔

گرین شرٹس کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے دونوں اوپنرز کے آسان کیچز چھوڑے گئے، کپتان ایرون فنچ نے چھکے لگاتے ہوئے گیند ہوا میں اچھالی لیکن شعیب ملک کیچ پکڑنے میں ناکام رہے، اسی طرح آصف علی سلپ پر ڈارسی شارٹ کا آسان کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔کینگروز ٹیم کا مجموعی سکور 95 تک پہنچا تو فنچ 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، انہیں شاداب خان نے میدان بدر کیا۔

(جاری ہے)

گلین میکسویل بھی کچھ خاص نہ کرپائے اور 5رنز بنا کر شاداب خان کی دوسری وکٹ بن گئے ۔محمد عامر نے 12رنز بنا نے والے مارکس سٹوئنس کو فخر زمان کے ہاتھو ں کیچ آﺅٹ کروا کر پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی ،ڈارسی شارٹ نے76رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کینگروز کوانتہائی مضبوط پوزیشن پر لاکھڑا کیا جس کے بعدوہ شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بنے ، ایلکس کیری 2رنز بنا شاداب خان کے شاندار کیچ کے سبب پوویلین لوٹ گئے ،ایشٹن ایگر 7رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے ، محمد عامر نے آخری اوور کی پہلی بال پر ٹریوس ہیڈ کی وکٹ حاصل کی، اینڈرو ٹائی محمد عامر کی تیسری وکٹ بنے ،آسٹریلیا نے مقررہ20اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر183رنز سکور کیے۔

پاکستان کے لیے محمد عامر نے 3،شاداب خان نے 2جبکہ حسن علی ، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ یہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور ان کی ٹیم سکور بورڈ پر بڑا مجموعہ لگانے کی کوشش کرے گی ۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ ٹاس کر بھی پہلے باﺅلنگ ہی کرتے ، پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیا ں کی ہیں اور حارث سہیل کی جگہ صاحبزادہ فرحان اپنے ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل کیریئر کا آغاز کررہے ہیں جب کہ عثمان شنواری کی جگہ حسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔

سہ فریقی سیریز میں دونوں ٹیموں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جس میں ایک میچ آسٹریلیا اور دوسرا پاکستان کے نام رہا۔پہلے باہمی مقابلے میں کینگروز نے گرین شرٹس کو تینوں شعبوں میں آﺅٹ کلاس کرتے ہوئے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی،سٹین لیک نے بیٹنگ کو تہس نہس کیا تو بولرز ایرون فنچ کے سامنے بے اثر نظر آئے۔دوسرے میچ میں سرفراز الیون نے یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی،فخرزمان نے سٹین لیک کے حربے ناکام بنائے، آصف علی سمیت دیگر بیٹسمینوں نے بھی بہتر ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا،بولرز میں شاہین آفریدی نے ایرون فنچ سمیت پاور ہٹرز کو قابو کرتے ہوئے پاکستان کیلیے آسان فتح کا راستہ بنا دیا،اس فتح کی بدولت گرین شرٹس نے اعتماد کی بحالی کے ساتھ عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن بھی مستحکم کرلی۔

ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے کے لیے گرین شرٹس نے بھرپور پریکٹس کی ہے اور کینگروز کے خلاف ٹیم میں نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔سہ فریقی سیریز میں اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور حارث سہیل کی ناکامی کے بعد ہیڈکوچ مکی آرتھر صاحبزادہ فرحان پر انحصار کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں انتہائی اہم میچ میں ڈیبیو کرایا جارہا ہے ۔

چار سدہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ اوپنر فائنل میں اپنے انٹر نیشنل کیریئر کا آغاز کریں گے، وہ پاکستان سپر لیگ کے 5 میچوں میں 91 رنز بنا پائے تھے۔ہفتہ بھر میچز جاری رہنے کی وجہ سے پچ کے سلو اور سپنرز کیلئے سازگار ہونے کی توقع ہو رہی ہے،اس صورتحال میں لیگ سپنر شاداب خان کے ساتھ تجربہ کار آل راﺅنڈر شعیب ملک کی باﺅلنگ بھی اہم ہوگی۔
وقت اشاعت : 08/07/2018 - 14:39:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :