پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کر لی

فخر زمان کے ہاتھوں کینگروز کی تاریخی دھلائی

اتوار 8 جولائی 2018 16:23

پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کر لی
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جولائی 2018 ء) پاکستان نے آسٹریلیا کو فائنل میں 6وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کر لی ہے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے 184رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپننگ بلے باز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کی شروعات کی اور بغیر کسی شراکت کے بلے باز صاحبزادہ فرحان پہلی بال پر سٹمپڈ آﺅٹ ہوگئے۔حسین طلعت تیسرے نمبر پر آئے اور تین رنز پر کیچ آﺅٹ ہو کر پویلین کا رخ کرلیا،چوتھے نمبر پر کپتان سرفراز احمد کی اینٹری ہوئی جو صرف 28 رنز بنا سکے اور رن آﺅٹ ہوگئے۔

قومی کپتان کے بعد شعیب ملک میدان میں آئے اور فخر زمان کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شرکت میں107رنز کا اضافہ کیا جس میں فخر زمان کا حصہ73رنزکا تھا ، اوپننگ بلے باز 46گیندوں پر12چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 91رنز بنا کر رچرڈسن کا شکار بنے ،آصف علی اور شعیب ملک نے ناقابل شکست33رنز کی شراکت داری کرکے پاکستان کو فائنل میں کامیابی دلائی ۔

(جاری ہے)

شعیب ملک43اور آصف علی17رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

ہرارے سپورٹس کلب میں جاری میچ میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان کے ہمراہ ڈارسی شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے شروع سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور گراﺅنڈ کے چاروں اطراف زبردست سٹروکس کھیلے۔گرین شرٹس کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے دونوں اوپنرز کے آسان کیچز چھوڑے گئے، کپتان ایرون فنچ نے چھکے لگاتے ہوئے گیند ہوا میں اچھالی لیکن شعیب ملک کیچ پکڑنے میں ناکام رہے، اسی طرح آصف علی سلپ پر ڈارسی شارٹ کا آسان کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

کینگروز ٹیم کا مجموعی سکور 95 تک پہنچا تو فنچ 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، انہیں شاداب خان نے میدان بدر کیا۔گلین میکسویل بھی کچھ خاص نہ کرپائے اور 5رنز بنا کر شاداب خان کی دوسری وکٹ بن گئے ۔محمد عامر نے 12رنز بنا نے والے مارکس سٹوئنس کو فخر زمان کے ہاتھو ں کیچ آﺅٹ کروا کر پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی ،ڈارسی شارٹ نے76رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کینگروز کوانتہائی مضبوط پوزیشن پر لاکھڑا کیا جس کے بعدوہ شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بنے ، ایلکس کیری 2رنز بنا شاداب خان کے شاندار کیچ کے سبب پوویلین لوٹ گئے ،ایشٹن ایگر 7رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے ، محمد عامر نے آخری اوور کی پہلی بال پر ٹریوس ہیڈ کی وکٹ حاصل کی، اینڈرو ٹائی محمد عامر کی تیسری وکٹ بنے ،آسٹریلیا نے مقررہ20اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر183رنز سکور کیے۔

پاکستان کے لیے محمد عامر نے 3،شاداب خان نے 2جبکہ حسن علی ، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ یہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور ان کی ٹیم سکور بورڈ پر بڑا مجموعہ لگانے کی کوشش کرے گی ۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ ٹاس کر بھی پہلے باﺅلنگ ہی کرتے ، پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیا ں کی ہیں اور حارث سہیل کی جگہ صاحبزادہ فرحان اپنے ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل کیریئر کا آغاز کررہے ہیں جب کہ عثمان شنواری کی جگہ حسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔

سہ فریقی سیریز میں دونوں ٹیموں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جس میں ایک میچ آسٹریلیا اور دوسرا پاکستان کے نام رہا۔پہلے باہمی مقابلے میں کینگروز نے گرین شرٹس کو تینوں شعبوں میں آﺅٹ کلاس کرتے ہوئے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی،سٹین لیک نے بیٹنگ کو تہس نہس کیا تو بولرز ایرون فنچ کے سامنے بے اثر نظر آئے۔دوسرے میچ میں سرفراز الیون نے یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی،فخرزمان نے سٹین لیک کے حربے ناکام بنائے، آصف علی سمیت دیگر بیٹسمینوں نے بھی بہتر ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا،بولرز میں شاہین آفریدی نے ایرون فنچ سمیت پاور ہٹرز کو قابو کرتے ہوئے پاکستان کیلیے آسان فتح کا راستہ بنا دیا،اس فتح کی بدولت گرین شرٹس نے اعتماد کی بحالی کے ساتھ عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن بھی مستحکم کرلی۔

ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے کے لیے گرین شرٹس نے بھرپور پریکٹس کی ہے اور کینگروز کے خلاف ٹیم میں نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔سہ فریقی سیریز میں اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور حارث سہیل کی ناکامی کے بعد ہیڈکوچ مکی آرتھر صاحبزادہ فرحان پر انحصار کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں انتہائی اہم میچ میں ڈیبیو کرایا جارہا ہے ۔چار سدہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ اوپنر فائنل میں اپنے انٹر نیشنل کیریئر کا آغاز کریں گے، وہ پاکستان سپر لیگ کے 5 میچوں میں 91 رنز بنا پائے تھے۔
وقت اشاعت : 08/07/2018 - 16:23:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :