سکیورٹی خدشات ،پاکستان اور زمبابوے کی و ن ڈے سیریز منسوخ ہونے کا خدشہ

مہمان پلیئرزمیچزکی ہرارے منتقلی کے خواہاں،میزبان فیصلے سے گریزاں

منگل 10 جولائی 2018 12:49

سکیورٹی خدشات ،پاکستان اور زمبابوے کی و ن ڈے سیریز منسوخ ہونے کا خدشہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2018 ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ہرارے سے بولاوایو جانے سے روک دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زمبابوے میں30 جولائی کو انتخابات ہونا ہیں، 23 جون کو بولاوایو کے وائٹ سٹی سٹیڈیم میں صدر ایمرسن ایم نگاگوا کی ریلی میں ہونے والے دھماکے سے2 افراد ہلاک اور49 زخمی ہو گئے تھے، اس واقعے پرآسٹریلیا نے بھی سکیورٹی پر تشویش کا اظہار کیا مگر پھر ٹیم دورے پررضامند ہو گئی تھی۔

ٹرائنگولر سیریز کے تمام میچز ہرارے میں ہوئے جس کے بعد اب پاکستانی ٹیم کو میزبان سے پانچ ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے پیر کی شام بولاوایو روانہ ہونا تھا، بس کے ذریعے کھلاڑیوں کا سامان بھی بھیج دیا گیا تھا مگر جب سب ایئرپورٹ جانے کے لیے تیار بیٹھے تھے تو اچانک پیغام ملا کہ ”ہوٹل میں کمروں کی عدم دستیابی“ کے سبب بولاوایو جانا ملتوی ہو گیا اور اب جمعرات کو روانگی ہوگی۔

(جاری ہے)

ہرارے سے بووایو کا بس سے سفر پانچ گھنٹے جبکہ فلائٹ 45 منٹ کی ہے، پاکستانی ٹیم کے سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) اعظم پیر کی صبح ہی انتظامات کا جائزہ لینے وہاں پہنچ چکے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی کرکٹرز سکیورٹی معاملات سے پریشان اور چاہتے ہیں کہ ون ڈے سیریز بھی ہرارے منتقل کر دی جائے، مگر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ایم او یو کے تحت ایسا ممکن نہیں ہوگا، زمبابوے بھی نہیں چاہتا کہ وینیو تبدیل کرے کیونکہ اس سے دنیا پر منفی پیغام جائیگا۔

پاکستان ٹیم اب ہرارے میں مزید تین دن قیام کرے گی۔ منگل اور بدھ کو پاکستانی کھلاڑی ہرارے ہی میں پریکٹس کریں گے۔پاکستان ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے بابر اعظم، امام الحق، یاسر شاہ اور جنید خان ہرارے پہنچ گئے ہیں جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان وطن واپس آگئے ہیں۔زمبابوے کرکٹ بورڈ کئی برسوں سے مالی بحران کا شکار ہے اور سہ فریقی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل بھی زمبابوے کے کھلاڑیوں نے سیریز نہ کھیلنے کی دھمکی دی تھی لیکن کرکٹرز کو معاوضوں کی ادائیگی کے بعد سیریز کھیلنے کے لیے رضامند کیا گیا تھا۔

زمبابوے میں گزشتہ روز ختم ہونے والے سہ فریقی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے زیادہ تر سپانسرز پاکستانی ہی تھے۔واضح رہے کہ سیریز کا پہلا ون ڈے جمعے کو شیڈول ہے، دیگر میچز 16،18،20 اور22 جولائی کو ہونگے۔
وقت اشاعت : 10/07/2018 - 12:49:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :