عبدالرزاق نے اپنی موت کی افواہوں کی تردید کردی

مایہ ناز آل راﺅنڈر نے مداحوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا

بدھ 11 جولائی 2018 16:33

عبدالرزاق نے اپنی موت کی افواہوں کی تردید کردی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق آل راﺅنڈ رعبدالرزاق نے ایک ٹریفک حادثے میں اپنی موت کی خبروں کی خود ہی تردیدکردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آج علی الصبح سوشل میڈ یا پر پھیلنے والی افواہوں میں بتایا گیا کہ عبدالرزاق ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں تاہم لاہور سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ آل راﺅنڈر ان افواہوں کی تر دیدکے لیے خود ہی سامنے آگئے ۔

اپنے مداحوں کے نام سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میںعبدالرزاق نے سوشل میڈیا پر اپنی موت سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی ۔عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ” سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ میں یہ کہا گیا کہ میں ایک ٹریفک حادثے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساہوں لیکن اس میں کوئی سچائی نہیں ہے اور میں آپ کے سامنے زندہ سلامت اورتندرستی کی حالت میں کھڑا ہوں “۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق کا مزید کہنا تھا کہ ”لوگوں کو سوشل میڈیا پر ایسی خبریں پھیلانے سے قبل تھوڑی سے تصدیق بھی کرلینی چاہیئے “ ۔
عبدالرزاق آج کل سرکاری سپورٹس چینل کے ساتھ بطور اینا لسٹ منسلک ہیں اور اس بات کا بھی عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ رواں سال کے ڈومیسٹک سیزن میں ان ایکشن ہوں گے جب کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں بطور کھلاڑی حصہ لینے کے بھی اپنی فٹنس پر کام کررہے ہیں ،وہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے دونوں ایڈیشنز میں فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والے فرنچائزکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ بھی کام کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ مایہ ناز آل راﺅنڈر نے1999ءسے 2006ءتک46ٹیسٹ ،1996ءسے 2011ءتک 265ون ڈے اور 2006ءسے 2013ءتک 32ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی ،وہ2009ءمیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے بھی اہم ترین ارکان میں سے ایک تھے ۔
وقت اشاعت : 11/07/2018 - 16:33:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :