شندورپولو فیسٹیول چترال کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر

بدھ 11 جولائی 2018 21:14

شندورپولو فیسٹیول چترال کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام شندور میں منعقد ہونے والا شندور پولو فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، فائنل میچ میں چترا ل کی ٹیم نے گلگت بلتستان کو 5گول کے مقابلے میں 10گولز سے شکست دی، فائنل میچ کے موقع پر آئی جی ایم سی خیبرپختونخوا نارتھ وسیم اشرف ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان مہمانان خصوصی تھے،ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواکے زیراہتمام ،فرنٹیر کور اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے 7 جولائی سے چترال کے علاقے شندور میں شروع ہونے والا تاریخی شندور پولو فیسٹیول کا فائنل گزشتہ روز کھیلا گیا جس میں گلگت بلتستان اور چترال اے کی ٹیموں نے حصہ لیا، چترال کی ٹیم نے گلگت کو 5گول کے مقابلے میں 10گول سے شکست دی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایم سی خیبرپختونخوا میجر جنرل وسیم اشرف سول حکومت کے تعاون سے شندور کے مقام کو بہترین مقام بنائینگے ، یہ پاکستان کی فتح ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے آج سیاح یہاں آئے ، پاکستان میں امن مکمل بحال ہو چکا ہے ، پولو میچ میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا ،ایم ڈی ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بہترین ایونٹ کا انقعاد کیا گیا ، 2015سے قبل اس ایونٹ کے انعقاد میں خلل آیا تاہم آرمی اور گلگت بلتستان کی مقامی قیادت نے مل کرسوچا کہ تنازعات کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے اور اب ہر سال یہ میلہ منعقد ہوتا ہے ، پولو فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کارش امید سے زیادہ تھا، بہترین سیاحتی مقام ہے جسے مزید خوبصورت بنایا جائے گا، شندور پولو فیسٹیول میں شاندارآتش بازی کے علاوہ موسیقی کی محفل کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں گلگت بلتستان اور چترال کے مقامی گلوکاروں نے پرفار منس پیش کی، تاہم ایونٹ کاافتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے کیا تھا اور دوسرے روز وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مہمان خصوصی تھے ، فائنل کی اختتامی تقریب میں آئی جی ایم سی میجر جنرل وسیم اشرف نے کھلاڑیوں نے انعامات کا اعلان کیا اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

وقت اشاعت : 11/07/2018 - 21:14:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :