ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 4وکٹوں کے نقصان پر 295رنز بنالئے

براتھویٹ 110، ہٹمائر ناقابل شکست 84 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے،مہدی حسن مرزا نے تین اور تاج الاسلام نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا

جمعہ 13 جولائی 2018 15:13

کنگسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) براتھویٹ کی شاندار سنچری اور ہٹمائر کے ناقابل شکست 84 رنز کی بدولت ویست انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 295 رنز بنالئے، براتھویٹ نے شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے 110 رنز بنائے جبکہ ہٹمائر ناقابل شکست 84 رنز بنائے، پائول اور ہوپ بالترتیب 29،29 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، بنگلہ دیش کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہدی حسن مرزا نے 3 جبکہ تاج الاسام نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کنگسٹن میں شروع ہوا تو بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی طرف براتھویٹ اور سمتھ نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا میزبان ٹیم کے پہلے دو کھلاڑی 59 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، سمتھ 2 رنز بناکر مہدی کے گیند پر مومن الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، پائول دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 29 رنز بناکر مہدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، براتھویٹ نے ایک اینڈ پر بااعتماد اننگز کا سلسلہ جاری رکھا، براتھویٹ اور ہوپ کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنے دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی سکور 138 رنز تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر ہوپ آئوٹ ہوگئے، وہ میزبان ٹیم کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 29 رنز بناکر تاج الاسلام کی گیند پر نورالحسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد براتھویٹ اور ہٹمائر کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 109 قیمتی رنز بنے اس موقع پر براتھویٹ اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 110 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے انکو 110 کے انفرادی سکور پر مہدی نے تاج الاسلام کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

ہٹمائر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنالئے تھے، ہٹمائر 84 اور چیسی 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہدی حسن مرزا نے 3 جبکہ تاج الاسام نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 13/07/2018 - 15:13:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :