دنیامیں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی امیر ترین شخصیات میں امریکی باکسر مے ویدرسرفہرست

دی راک کے نام سے مشہور ریسلر اور ادکار ڈیون جانسن 12کروڑ 40لاکھ ڈالر معاوضہ لے کر فہرست میں پانچویں نمبر پر

منگل 17 جولائی 2018 21:28

دنیامیں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی امیر ترین شخصیات میں امریکی باکسر مے ویدرسرفہرست
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) امریکی میگزین فوربز نے دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی امیر ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی۔دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی مشہور شخصیات میں باکسرز، فٹبالر، اداکار، جج، مارشل آرٹ ایکسپرٹس اور میوزک بینڈز شامل ہیں۔امریکی باکسر فلائڈ مے ویدر اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں، باکسر کی سالانہ آمدنی 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔

مشہور امریکی اداکار جارج کلونی سالانہ 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمائی کے ساتھ فوربز کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ٹاپ 10 میں شامل سب سے کم عمر انٹرٹینر امریکی ماڈل کائلی جینیر ہیں جو 16 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کمانے والی پہلی خاتون ہیں اور اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر جوڈی شائنڈلن نامی 75 سالہ امریکی جج اور ماہر قانون ہیں جو سالانہ 14 کروڑ 70 لاکھ ڈالز معاوضہ لیتی ہیں۔

دی راک کے نام سے مشہور ریسلر اور ادکار ڈیون جانسن 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر معاوضہ لے کر فہرست میں پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔فہرست میں آئیرش راک بیند یو ٹو اور برطانوی بینڈ کولڈ پلے چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ارجنٹینا کے مشہور فٹبالر میسی 11 کروڑ 10 لاکھ ڈالر معاوضہ لے کر آٹھویں نمبر پر ہیں جب کہ برطانوی گلوکار ایڈ شیران 11 کروڑ ڈالر لے کر نویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔

مشہور پرتگالی فٹ بالر کریسٹیانو رونالڈو 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں جب کہ برازیلین فٹبالر نیمار تیرویں نمبر پر ہیں۔حیران کن طور پر ہر سال فوربز میگزین کی اس فہرست میں جگہ بنانے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اس بار جگہ بنانے میں ناکام رہے تاہم بالی ووڈ کے سلطان اور کھلاڑی اس فہرست میں شامل ہیں۔ اکشے کمار 76ویں اور سلمان خان 82ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 17/07/2018 - 21:28:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :