جوروٹ کی ناقابل شکست سنچری، انگلینڈ نے بھارت کو فیصلہ کن ون ڈے میچ میں با آسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا، تین میچوں کی سیریز 2-1 سے انگلینڈ کے نام، روٹ اور مورگن نے تیسری وکٹ میں 186 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر بھارت کی سیریز جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، روٹ 100 اور مورگن 88 رنز بنا کر ناقابل شکست، عادل راشد میچ اور روٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 18 جولائی 2018 16:09

لیڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) جو روٹ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں با آسانی 8 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ میزبان ٹیم نے 257 رنز کا ہدف 44.3 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، جو روٹ اور مورگن نے تیسری وکٹ میں 186 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر بھارت کی سیریز جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، روٹ نے ڈٹ کر بھارتی بائولرز کا مقابلہ کیا اور مسلسل دوسری سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، روٹ 100 اور مورگن 88 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، عادل راشد میچ اور روٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

لیڈز میں کھیلے گئے فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 256 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی کے سوا کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، کوہلی 71 رنز بنا کر نمایاں رہے، روہت شرما 2، شیکھر دھون 44، دنیش کارتھک 21، مہندرا سنگھ دھونی 42، سریش رائنا ایک، ہرڈک پانڈیا اور بھنشور کمار 21، 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ٹھاکر 22 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈیوڈ ویلے اور عادل راشد نے 3، 3 اور مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی ، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 45 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جونی بیئرسٹو 30 اور جیمز ونس 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 74 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد جوروٹ اور کپتان این مورگن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں کے سامنے بھارتی بائولرز بالکل بے بس نظر آئے، دونوں نے تیسری وکٹ میں 186 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، روٹ 100 اور مورگن 88 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

وقت اشاعت : 18/07/2018 - 16:09:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :