نئی ون ڈے رینکنگ جاری،فخر زمان ترقی ، بابر اعظم تنزلی کی جانب گامزن

عثمان شنواری بھی ٹاپ100باﺅلرز کی فہرست میں آگئے

جمعرات 19 جولائی 2018 12:58

نئی ون ڈے رینکنگ جاری،فخر زمان ترقی ، بابر اعظم تنزلی کی جانب گامزن
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جولائی 2018 ء) انٹرنیشنل کر کٹ کونسل کی جانب سے نئی پلیئرز ون ڈے رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان چودہ درجے ترقی کے بعد 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں تفصیلات کے مطابق بیٹنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کیریئر بیسٹ 911 پوائنٹس کےساتھ اپنی ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے، بھارت کے خلاف سیریز میں مین آف دی میچ قرار پانے والے برطانوی ٹیسٹ کپتان جو روٹ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کےساتھ تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں، روہت شرما بدستور چوتھے نمبر پر موجود ہیں، کینگرو اوپنر ڈیوڈ وارنر 2 درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں، نیوزی لینڈ کے سابق کپتان راس ٹیلر ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان 14 درجے ترقی کے ساتھ 24 ویں جبکہ 6 ون ڈے کھیلنے والے قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق 70 درجے بہتری کے ساتھ 94 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ٹاپ 5 باﺅلرز کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، بھارتی فاسٹ باﺅلر جسپریت بمراہ پہلے،افغان لیگ سپنر راشد خان دوسرے، پاکستانی فاسٹ باﺅلر حسن علی تیسرے، نیوزی لینڈ کے فاسٹ باﺅلر ٹرینٹ بولٹ چوتھے اور آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر جوش ہیزل ووڈ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

بھارتی چائنا مین سپنر کلدیپ یادیو 8 درجے کی لمبی چھلانگ کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر عثمان شنواری 66 درجے آگے آتے ہوئے 94 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جب کہ بھارت کا دوسرا نمبر ہے ، پاکستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں کامیابی کے ساتھ اپنی 5ویں پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے ۔ 
وقت اشاعت : 19/07/2018 - 12:58:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :