قسمت کی دیوی محمد حفیظ سے روٹھ گئی

مکی آرتھر کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام، وہ سلیکشن کے معاملات میں کسی کی مداخلت برادشت نہیں کررہے

جمعہ 20 جولائی 2018 13:57

قسمت کی دیوی محمد حفیظ سے روٹھ گئی
بلاوائیو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی 2018 ء) قومی ٹیم کے ٹیسٹ آل راونڈر محمد حفیظ سے ایسا لگ رہا ہے کہ قسمت کی دیوی روٹھ گئی ہے اور فوری طورپر پاکستان ٹیم میں ان کی واپسی کا امکان دکھائی نہیں دے رہا۔محمد حفیظ کو پاکستان ٹیم میں لانے سے قبل مکی آرتھر اور انضمام الحق کے درمیان سنجیدہ نوعیت کی جھڑپ ہوئی تھی۔ اب محمد حفیظ ٹیم کے ساتھ سفر کررہے ہیں لیکن وہ ہیڈ کوچ کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔

مکی آرتھر اور سینیئر کھلاڑیوں کے اختلافات کی کہانیاں نئی نہیں ہیں۔آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی کوچنگ کرتے ہوئے مکی آرتھر اور سینئر کھلاڑیوں کے اختلافات کی کہانیاں آج بھی زبان زد عام ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں مصباح الحق اور یونس خان کے جانے کے بعد محمد حفیظ پاکستان کے سینئر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں لیکن ان کا ستارہ گردش میں دکھائی دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

بولاوایو میں زمبابوے اورپاکستان کے درمیان چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل آج کھیلا جارہا ہے لیکن پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ چوتھے میچ میں بھی محمد حفیظ کو کھلانے کے موڈ میں دکھائی نہیں دیئے ۔ حفیظ پاکستان ون ڈے ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں جو ابھی تک رواں سیریز میں کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیل سکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ بدستور کوچ کے پلان میں شامل نہیں ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق ، کوچ مکی آرتھر سے سلیکشن معاملات میں رابطے میں ہیں تاہم ایسا لگتا ہے کہ انضمام الحق بھی مکی آرتھر کو قائل نہیں کرسکے ہیں۔ورلڈ کپ 11 ماہ کی دوری پر ہے لیکن پاکستان کی جانب سے پچاس ٹیسٹ، 200 ون ڈے اور83 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے 37سالہ کرکٹر کا کیریئر شدید بحران سے دوچار ہے۔ اگر وہ آخری ون ڈے میچ کھیلتے بھی ہیں تو انہیں بڑی اننگز کھیلنا ہوگی۔

وقت اشاعت : 20/07/2018 - 13:57:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :